شعبہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی ترقی ہماری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ خالد خورشید

گلگت  بلتستان کے تمام اضلاع میں 10 کروڑ لاگت کے سوفٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک قائم کئے جائیں گے، وزیر اعلی کی گفتگو

گلگت  (ویب نیوز)

وزیر اعلی گلگت  بلتستان خالد خورشید نے گلگت  بلتستان کے پہلے سوفٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک کا باضابطہ افتتاح کردیا۔چھلمس گلگت میں قائم گلگت  بلتستان سوفٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک میں 20 سے زائد آئی ٹی کمپنیوں کو مفت انٹرنیٹ و دیگر بنیادی سہولیات کیساتھ Co-Working Spaceمہیا کی گئی ہے۔ہماری حکومت کی خصوصی دلچسپی کے سبب گلگت  بلتستان سرکاری سطح پہ آئی ٹی سیکٹر میں نوجوانوں کو انٹرنیٹ و دیگر بنیادی سہولیات کیساتھ مفت Co-Working Spaceمہیا کرنے والا پہلا صوبہ بن گیا۔ اس موقع پر وزیر اعلی گلگت  بلتستان خالد خورشید نے گلگت  بلتستان سوفٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک میں قائم مختلف آئی ٹی کمپنیوں کے دفاتر کا دورہ کیا اور نوجوانوں سے گفتگو کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلی گلگت  بلتستان خالد خورشید نے کہا کہ شعبہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی ترقی ہماری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ حکومت سنبھالتے ہی گلگت  بلتستان میں آئی ٹی شعبے کی ترقی کیلئے اہم اقدام اٹھائے جن میں محکمہ آئی ٹی کا قیام، گلگت  بلتستان آئی ٹی بورڈ کے قیام کی منظوری، ‘E’روزگار سکیم، اور دیگر اہم اقدامات و منصوبے شامل ہیں جن میں گلگت  بلتستان سوفٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک کا قیام بھی شامل ہے۔ رواں مالی سال کیلئے 1 ارب روپے مالیت کا تاریخی منصوبے منظور کیا ہے جس کے تحت گلگت  بلتستان کے تمام اضلاع میں 10 کروڑ لاگت کے سوفٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک قائم کئے جائیں گے۔ اس کے علاوہ ہماری حکومت نے گلگت  بلتستان کی تاریخ میں پہلی بار اپنے ہونہار طلباوطالبات کیلئے ملک کے نامور یونیورسٹیوں میں حصول تعلیم کیلئے آسان شرائط پر تعلیمی لون سکیم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت اعلی معیار ی جامعات میں تعلیم حاصل کرنے کیلئے 15لاکھ تک کا قرضہ دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ سیاحت کے فروغ کیلئے خصوصی سکیم کے تحت کاروبار کرنے کیلئے 30 لاکھ تک کا قرضہ دیا جائے گا۔ حکومت شعبہ سیاحت میں ہوم سٹے کے ہم منصوبے پر پہلے سے کام کر رہی ہے اس منصوبے کے تحت سیاحتی مقامات پر لوگوں کو 4 سٹار کمروں کی تعمیر کیلئے آسان شرائط پر قرضے دیئے جائیں گے۔ ان تاریخی اقدامات سے لوگوں کی آمدنی بڑھے گی اور نجی شعبے میں روزگار کے زبردست مواقع پیدا ہونگے۔اس موقع پر آئی ٹی سیکٹر میں کاروبار اور رورگار کے مواقع پیدا کرنے کیلئے محکمہ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور قراقرم کوآپریٹیو بینک کے مابین ‘E’ روزگار سکیم کے تحت 10 کروڑ منصوبے کے ایم او یو پر دستخط کئے گئے۔