پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کا اہم فیصلہ،ریڈزون میں سیکورٹی ہائی الرٹ

سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات،ضرورت پڑنے پر رینجرز اہلکار بھی تعینات کیے جائیں، چیف الیکشن کمشنر کی ہدایت

سیاسی جماعتوں کے کارکنان سمیت غیر متعلقہ افراد کا داخلہ بند، پولیس اور ایف سی کے ایک ہزار جوان ڈیوٹی پر مامور ہوں گے،پولیس

اسلام آباد(ویب  نیوز)

پاکستان تحریک انصاف ممنوعہ فنڈنگ کیس کا اہم فیصلہ آج سنایا جائے گا جس کیلئے ریڈزون میں سیکورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے جبکہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے ہدایت کی ہے کہ سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات،ضرورت پڑنے پر رینجرز اہلکار بھی تعینات کیے جائیں،الیکشن کمیشن میں سیاسی جماعتوں کے کارکنان جبکہ ریڈ زون میں غیر متعلقہ افراد کا داخلہ بند، پولیس اور ایف سی کے ایک ہزار جوان ڈیوٹی پر مامور ہوں گے۔ پولیس کے مطابق الیکشن کمیشن میں ممنوعہ فارن فنڈنگ کیس کے حوالے سے وفاقی دارالحکومت میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں،ریڈزون میں پولیس اور ایف سی کے ایک ہزار جوان ڈیوٹی پر مامور ہوں گے، غیر متعلقہ افراد کو داخلے کی اجازت نہیں ہو گی،میڈیا سمیت ریڈزون دفاتر کو جانے والے افراد کو شناخت کے بعد جانے کی اجازت ہو گئی۔ پولیس نے ہدایت کی ہے کہ تمام افراد اپنی شناخت ہمراہ رکھیں،  سیاسی جماعتوں کے کارکنان کو داخلے کی اجازت نہیں ہو گی، جبکہ امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کے لئے رینجرز کو سٹینڈ بائے پر رکھا جائے گا، دوسری جانب چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت الیکشن کمیشن میں ہنگامی اجلاس ہوا، جس میں الیکشن کمیشن لا ونگ حکام نے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کے حوالے سے تیاری پر حتمی بریفنگ دی،چیف الیکشن کمشنر  نے متعلقہ حکام کو کیس کے حوالے سے تمام تیاریاں مکمل کرنے کی ہدایت کی، چیف الیکشن کمشنر نے فیصلے کے موقع پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ضرورت پڑنے پر رینجرز اہلکار الیکشن کمیشن سیکیورٹی کیلئے تعینات کیے جائیں۔