اسلام آباد (ویب نیوز)

خیبر پختونخوا اور پنجاب میں دریائوں میں پانی کے بہاو کی صورتحال معمول پر آگئی، کوٹری اور سکھر کے مقام پر دریائے سندھ میں اب بھی اونچے درجے کا جبکہ گدو کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔ فلڈ کمیشن کی رپورٹ کے مطابق تربیلا ڈیم، کالا باغ اور چشمہ بیراج میں پانی کی آمد و اخراج معمول کے مطابق ہے، تونسہ کے مقام پر دریائے سندھ میں پانی کی آمد 2لاکھ 5 ہزار کیوسک جبکہ اخراج 1لاکھ 99 ہزار کیوسک ہے، سکھر کے مقام پر پانی کی آمد و اخراج 5 لاکھ 45 ہزار کیوسک ہے، کوٹری کے مقام پر پانی کی آمد 5 لاکھ 85 ہزار کیوسک جبکہ اخراج 5 ہزار 72 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے، گدو کے مقام پر پانی کی آمد و اخراج 4 لاکھ 85 ہزار کیوسک ہے۔ دریائے کابل میں ورسک کے مقام پر پانی کا بہاو 26 ہزار کیوسک جبکہ نوشہرہ کے مقام پر پانی کا بہاو 56 ہزار کیوسک ہے، دریائے سوات میں چکدرہ، منڈا ہیڈ ورکس، چارسدہ روڈ پر پانی کا بہاو معمول کے مطابق ہے، دریائے جہلم، ستلج، راوی اور چناب بھی معمول کے مطابق بہہ رہے ہیں۔