سابق وزیر اعظم عمران خان کی اپنے خلاف درج دہشت گردی کے مقدمے کے اخراج کی درخواست بھی15ستمبر کو سماعت ہوگی

اسلام آباد (ویب نیوز)

پاکستان تحریک انصاف کے کراچی کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 246سے رکن قومی اسمبلی عبدالشکور شاد کے استعفیٰ کی منظوری کے خلاف دائر درخواست میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے وضاحت کی ہے کہ عبد الشکور شاد کی حد تک الیکشن کمیشن آف پاکستان کا نوٹیفکیشن معطل ہے ،درخواست گزار عبد الشکور شاد تھے اس لیے نوٹیفکیشن بھی ایک ممبر کی حد تک معطل ہے باقی10 پی ٹی آئی ارکان کے استعفوں کی منظوری برقرار ہے۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے اپنے حکم کی وضاحت کے لیے سوموار کے روز سماعت مقرر کی تھی۔ دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ نے عوام کو اداروں کے خلاف بغاوت پر اکسانے کے کیس میں گرفتار پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر شہباز گل کی درخواست ضمانت پر سماعت 15 ستمبر تک ملتوی کر دی گئی ۔ سپیشل پراسیکوٹر راجہ رضوان عباسی نے عدالت سے استدعا کی کہ رات گئے انہیں پتہ چلا کہ شہباز گل کی درخواست ضمانت پر سماعت ہے پہلے 14 ستمبر کے لئے کیس مقرر تھا اس لیے کچھ وقت تیاری کے لیے دیں عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے 15 ستمبر تک سماعت ملتوی کردی جبکہ اسلام آباد ہائی کورٹ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی اپنے خلاف درج دہشت گردی کے مقدمے کے اخراج کی درخواست بھی15ستمبر کو سماعت کرے گی۔