آصف علی زرداری اور نوازشریف سے کبھی سمجھوتا نہیں ہو سکتا،چیئرمین پی ٹی آئی کی صحافیوں سے گفتگو

عمران خان سے پارٹی رہنمائوں اور لیگل ٹیم کی ملاقات،قاتلانہ حملے کی ایف آئی آر کے اندراج سے متعلق امورپر تبادلہ خیال

لاہور (ویب نیوز)

سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف  کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پاک فوج ہماری ہے، اس کیخلاف جانا ممکن نہیں، آزادی لانگ مارچ منگل کی بجائے بدھ سے شروع ہوگا،انتخابات کی تاریخ لیکر ہی واپس آئیں گے۔ میرا لانگ مارچ ہر صورت میں منزل حاصل کرے گا، یہ بات انھوں نے گزشتہ روز لاہور میں  صحافیوں کے  وفد سے ملاقات کے دوران کی۔  پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین  عمران خان نے کہا کہ لانگ مارچ کے شیڈول میں تبدیلی کردی گئی ہے، لانگ مارچ  منگل کے بجائے پرسوں یعنی بدھ سے شروع ہوگا، آصف علی زرداری اور نوازشریف سے کبھی سمجھوتا نہیں ہو سکتا، پوری قوم اب تیار ہے، الیکشن کی تاریخ لیکر ہی واپس آئیں گے، میرا لانگ مارچ ہر صورت میں منزل حاصل کرے گا۔ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ لانگ مارچ کی قیادت اسد عمر، شاہ محمود قریشی اور پرویز خٹک کریں گے۔ اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سرحدوں پر کھڑے فوجی میرے بچوں کی طرح ہیں، آرمی چیف کی تقرری میرا ایشو نہیں، پاک فوج ہماری ہے اور اس کے خلاف جانا ممکن نہیں۔زمان پارک میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کی پارٹی رہنمائوں اور لیگل ٹیم کے ساتھ ملاقات  بھی ہوئی جس میں وزیرآباد واقعے کی ایف ائی آر کے اندراج میں تاخیر کا جائزہ لیا گیا۔ مشاورت میں سپریم کورٹ کی طرف سے مقدمے کے اندراج کیلئے پنجاب پولیس کو جاری ہدایات پر بھی غور کیا گیا۔ مقدمہ کے مدعی زبیر خان نیازی نے بتایا کہ تھانہ وزیرآباد میں وکلا بیٹھے ہوئے ہیں لیکن سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود کوئی پیش رفت نہیں ہوئی مجبور ہو کر پولیس کمپلنٹ سنٹر میں آن لائن درخواست جمع کروائی ہے۔اس موقع پر عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم درخواست میں ملزم نامزد کر چکے ہیں انکے خلاف ایف ائی آر درج ہونی چاہئے۔