16 دسمبر دہشتگردی کیخلاف پورے پاکستان کے ایک آواز ہونے کا دن ہے، وزیراعظم کا پیغام

سانحہ اے پی ایس کے شہدا ء نے پوری قوم کو دہشت گردی کے خلاف متحد کیا، مریم اورنگزیب

اسلام آباد (ویب نیوز)

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ 16 دسمبر دہشتگردی کے خلاف پورے پاکستان کے ایک آواز ہونے کا دن ہے،سانحہ اے پی ایس کا غم برسوں بعد بھی بھلایا نہیں جاتا، پاکستانی قوم اپنے شہیدوں کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ سانحہ اے پی ایس پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے لکھا کہ ہر سال 16 دسمبر کا دن پوری قوم کو اس کرب اور دکھ کی یاد دلاتا ہے جب دہشت گردوں نے آرمی پبلک اسکول پشاور میں ظلم کی داستان رقم کی۔پورے پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقیم پاکستانی سانحے میں شہید ہونے والے بچوں اور اساتذہ کو خراج تحسین پیش کررہے ہیں، شہباز شریف نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ برسوں بعد بھی غم ہے کہ بھلایا نہیں جاتا،16 دسمبر سانحہ آرمی پبلک اسکول کے شہدا سے عقیدت اور ان کے لواحقین کا غم بانٹنے کا دن ہے، پاکستانی قوم اپنے شہیدوں کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ وزیراعظم نے سوشل میڈیا پیغام میں کہا کہ 16 دسمبر دہشتگردی کے خلاف پورے پاکستان کے ایک آواز ہونے کا دن ہے، یہ دن پوری دنیا کے لیے پیغام ہے کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے عظیم قربانیاں دی ہیں، ہماری یہ جدوجہد جاری ہے جو اس عفریت کے مکمل خاتمے تک اسی آہنی ارادے اور ثابت قدمی سے جاری رہے گی۔دریں اثناء وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے سانحہ اے پی ایس کے شہدا ء کی آٹھویں برسی پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ 16 دسمبر کا دن آرمی پبلک سکول کے شہدا کی عظیم قربانیوں کی ہمیشہ یاد دلاتا رہے گا۔ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ 8 برس گزرنے کے باوجود بھی ہم سانحہ اے پی ایس کو نہیں بھول سکے، بزدل شرپسند عناصر نے قوم کے مستقبل، نہتے کم سن بچوں پر حملہ کر کے انہیں شہید کیا، اس دن کو یاد کر کے کوئی اپنے آنسو نہیں روک سکتا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سانحہ اے پی ایس کے شہدا ء نے پوری قوم کو دہشت گردی کے خلاف متحد کیا، ہم نے دہشتگردی کو شکست دینے کیلئے طویل سفر طے کیا، اب پاکستان دیرپا امن اور ترقی کی جانب گامزن ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ اللہ تعالی آرمی پبلک سکول کے شہدا ء کے درجات بلند کرے او ان کے اہلخانہ کو صبر جمیل عطا کرے۔