واشنگٹن (ویب نیوز)

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہمیں کالعدم ٹی ٹی پی سے متعلق اپنی پالیسی پر نظرثانی کرنی چاہیے،اس مسئلے سے نمٹنے کا آسان راستہ افغان عبوری حکومت کیساتھ تعاون کا ہے اور یہ میرا ترجیحی راستہ ہوگا لیکن اس مسئلے سے نمٹنے کا یہ واحد حل بھی نہیں ۔واشنگٹن میں وائس آف امریکا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جہاں تک افغانستان کا تعلق ہے، میرا نہیں خیال کہ کوئی اس صورتحال کو دیکھنا چاہتا تھا، تاہم ہمیں اب درپیش صورتحال سے نمٹنا ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ جہاں تک ٹی ٹی پی کا تعلق ہے تو میں طویل عرصے سے یہ بات کہہ رہا ہوں کہ ہمیں اپنی پالیسی پر نظرثانی کرنی چاہیے، میں اپوزیشن میں بھی یہی بات کہتا تھا اور آج حکومت میں ہوتے ہوئے بھی یہی کہتا ہوں کہ ہمیں اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے مزید جامع طریقہ کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ اس مسئلے کو ہمیشہ ہمیشہ کیلئے حل کرنے کیلئے آسان راستہ افغان عبوری حکومت کیساتھ تعاون کا ہے اور یہ میرا ترجیحی راستہ ہوگا لیکن اس مسئلے سے نمٹنے کا یہ واحد حل بھی نہیں ہے۔