- طالبان کے کئے گئے فیصلوں کا جائزہ لے رہے ہیں اور پہلے بھی واضح کرچکے ہیں کہ ان کا جواب دیا جائیگا
- افغانستان میں این جی اوز اور خاص طور پر خواتین کو کام کرنے کی اجازت دینی چاہیے،ترجمان محکمہ خارجہ کی پریس بریفنگ
واشنگٹن (ویب نیوز)
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف دفاع کرنا پاکستان کا حق ہے،طالبان افغان سرزمین کو عالمی دہشتگرد حملوں کیلئے لانچنگ پیڈ کے طورپر استعمال نہ ہونے دیں۔امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے پریس بریفنگ میں کہا کہ پاکستانی عوام نے دہشتگرد حملوں کے باعث شدید نقصان اٹھایا ہے۔دہشتگردی کے خلاف دفاع کرنا پاکستان کا حق ہے۔ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ طالبان کو کہیں گے کہ وہ اپنے وعدوں کو پورا کریں اور افغان سرزمین کو عالمی دہشتگرد حملوں کے لیے لانچنگ پیڈ کے طورپر استعمال نہ ہونے دیں۔ طالبان کے کئے گئے فیصلوں کا جائزہ لے رہے ہیں اور پہلے بھی واضح کرچکے ہیں کہ ان کا جواب دیا جائے گا۔ترجمان نے کہا کہ افغان عوام کی بہتری کیلئے پر عزم ہیں، افغان طالبان وعدے پورے نہیں کر رہے ، افغانستان میں این جی اوز اور خاص طور پر خواتین کو کام کرنے کی اجازت دینی چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکا اور اتحادی طالبان کے فیصلوں پر رد عمل دیں، جی سیون اور دیگر ممالک بھی تشویش کا اظہار کر چکے ہیں۔