لاہور  (ویب نیوز)

صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید دھند چھائی رہی جس کے باعث اہم شاہراہوں سمیت موٹرویز کو متعدد مقامات سے بند کر دیا گیا ۔ترجمان موٹرویز پولیس کے مطابق موٹر وے ایم ٹو کو لاہور سے کوٹ مومن ، موٹروے ایم تھری کو فیض پور سے درخانہ اور موٹرے وے ایم فور کو ملتان سے پنڈی بھٹیاں تک شدید دھند کے باعث بند کر دیا گیا۔ترجمان موٹرویز نے بتایا کہ موٹر وے ایم فائیو شیر شاہ سے ظاہر پیر جبکہ موٹر وے ایم الیون بھی لاہور سے سمبڑیال تک دھند کے باعث بند کر دی گئی،حد نگاہ کم ہونے سے جی ٹی روڈ زپرٹریفک کی روانی متاثررہی ۔ترجمان نے مزید کہا کہ شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں، تیز رفتاری سے پرہیز کریں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں، شہری کسی بھی قسم کی معلومات اور مدد کیلئے ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کریں جبکہ موٹروے پولیس ہمسفر ایپ سے بھی معلومات لی جا سکتی ہیں۔دوسری جانب پنجاب کے مختلف علاقوں وہاڑی ، پاکپتن، بہاولنگر ،چشتیاں ، پیر محل، منچن آباد اور گردونواح میں شدید دھند کے باعث حد نگاہ صفر ہوگئی جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔