مہنگائی کی لہر جاری، آٹا، لہسن، دالوں، چاول،انڈے سمیت  23 اشیا ضروریہ کی قیمتوں میں مزید اضافہ

ادارہ شماریات کی جانب سے  مہنگائی کے ہفتہ وار اعدادوشمار جاری

اسلام آباد(ویب  نیوز)

ایک ہفتے میں 23 اشیا ضروریہ کی قیمتیں مزید بڑھ گئیں،   7 اشیا کی قیمتوں میں کمی،21 کی قیمتیں مستحکم رہیں،ادارہ شماریات نے ہفتہ وار اعدادوشمار کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔ ادارہ شماریات کے مطابق آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت میں 115 روپے کا اضافہ ہوا،  ایل پی جی کے 11.67 کلو سلینڈر کی قیمت میں 134 روپے کا اضافہ، ڈبل روٹی کی قیمت 4 روپے بڑھ گئی۔ ادارہ شماریات نے مزید بتایا کہ لہسن کی فی کلو قیمت میں 16 روپے کا اضافہ ہوا،  انڈے فی درجن 12 روپے مہنگے ہوئے، باسمتی ٹوٹا چاول 5 روپے اور  اپری چاول فی کلو 3 روپے مہنگے ہوئے،  ایک ہفتے میں دال مونگ 10 ،دال چنا 5،دال مسور 4 روپے مہنگی ہوئی۔ ادارہ شماریات  کے مطابق سرسوں کے تیل کی قیمت میں 8 روپے کا اضافہ ہوا، آگ جلانے والی لکڑی،گڑ،انرجی سیور بلب اور کھلا دودھ بھی مہنگی ہونے والی اشیا میں شامل ہیں۔ادارہ شماریات کی رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ  ایک ہفتے میں ٹماٹر 8 روپے سستے ہوئے، آلو کی قیمت میں 5 روپے کی کمی ریکارڈ ہوئی، زندہ مرغی کی فی کلو قیمت میں 13 روپے کی کمی ہوئی، اسی طرح سبزیوں، گھی اور چینی بھی حالیہ ہفتے سستی ہونے والی اشیا میں شامل ہیں۔