• پاک افغان اور پاک ایران سرحدی علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی
  • کوژک ٹاپ پر برفباری کے ساتھ ہلکی دھند ، کوئٹہ چمن شاہراہ اور کوئٹہ ژوب شاہراہ پر ٹریفک کی روانی متاثر

کوئٹہ (ویب نیوز)

شمالی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری ہوئی، چمن شہر اور مضافات میں موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ کوژک ٹاپ پر برفباری کے ساتھ ہلکی دھند چھائی رہی، کوئٹہ چمن شاہراہ اور کوئٹہ ژوب شاہراہ پر ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔ پاک افغان اور پاک ایران سرحدی علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، موسم کی شدت دو روز تک برقرار رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ بلوچستان میں بارشوں اور برف باری کا نیا سلسلہ بدھ سے شروع ہونے کی پیشگوئی کی گئی تھی۔ ذرائع کے مطابق بارشوں اور برف باری کے نئے سلسلے کے زیر اثر سردی کی نئی لہر بھی آئے گی جبکہ شمالی بلوچستان میں پارہ منفی 16 تک گرنے کا امکان ہے۔ پی ڈی ایم اے نے بارش، برفباری کے پیش نظر ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ جاری کردیا ہے۔ ہیوی مشینری قومی شاہراہوں پر پہنچا دی گئی ہے، جبکہ شہریوں کو آئندہ 2 روز تک غیر ضروری سفر سے گریز کا مشورہ دیا گیا ہے۔