قومی اسمبلی میں آئندہ مالی سال 25۔2024 کا بجٹ آج ( بدھ کو) پیش کیا جائے گا
وفاقی بجٹ کا حجم 18 ہزار ارب روپے ہوگا، وزیر خزانہ اورنگزیب بجٹ پیش کریںگے
ملازمین کی تنخواہوں میں 10 سے15 فیصد تک اضافہ متوقع
ٹیکس وصولیوں کا ہدف 12.9 ٹریلین روپے مقرر کیے جانے کا امکان
اسلام آباد( ویب نیوز)
وفاقی حکومت کا آئندہ مالی سال 25۔2024 کیلئے 18 ہزار ارب روپے سے زائد حجم کابجٹ آج (بدھ کو) قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔ملازمین کی تنخواہوں میں 10 سے15 فیصد تک اضافہ متوقع ہے جبکہ ٹیکس وصولیوں کا ہدف 12.9 ٹریلین روپے مقرر کیے جانے کا امکان ہے ۔ مسلم لیگ (ن) کی قیادت میں موجودہ اتحادی حکومت کا یہ پہلا وفاقی بجٹ ہے۔ وفاقی حکومت اندرونی اور بیرونی دونوں سطح پر درپیش سیاسی معاشی چیلنجز کے درمیان اپنا پہلا بجٹ پیش کر رہی ہے۔وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب بدھ کی شام قومی اسمبلی کے اجلاس میں بجٹ پیش کریں گے۔ بعدازاں بجٹ دستاویزات ایوان بالا میں بھی پیش کی جائیں گی۔ نئے مالی سال کیلئے ایف بی آر کے محصولات کا ہدف 12 ہزار ارب روپے سے زائد رکھنے کا امکان ہے۔وفاق اور صوبوں کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کاحجم 3.792 ٹریلین روپے رکھنے کا امکان ہے جس سے مجموعی قومی پیداوار کی شرح میں اضافہ ممکن ہو سکے گا جو جاری مالی سال کے دوران 2.4 فیصد رہا، نئے مالی سال میں مجموعی قومی پیداوارمیں اضافہ کا ہدف 3.6 فیصد سے زیادہ رکھنے کا امکان ہے۔نئے مالی سال کے وفاقی بجٹ میں وفاقی حکومت کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کاحجم 1221 ارب روپے رکھنے کا امکان ہے۔ نئے مالی سال میں وفاقی حکومت 2022 کے سیلاب کے بعد بحالی اور تعمیرنو کی کوششوں میں تیزی لائی جائیگی اور اس ضمن میں5ایز کے اقدامات کے نفاذ کو یقینی بنایا جائے گا۔ بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 سے15 فیصد تک اضافہ متوقع ہے جبکہ ٹیکس وصولیوں کا ہدف 12.9 ٹریلین روپے مقرر کیے جانے کا امکان ہے۔بجٹ میں سود اور قرضوں کی ادائیگیوں کا تخمینہ 9.5 ٹریلین روپے لگایا گیا ہے، توانائی کے شعبے میں سبسڈیز کیلیے 800 ارب روپے مختص کیے جانے اور وفاقی ٹیکس ریونیو 12.9 ٹریلین روپے کے لگ بھگ مقرر کئے جانے کا امکان ہے جبکہ نان ٹیکس ریونیو کا ابتدائی تخمینہ 2100 ارب روپے لگایا گیا ہے اور پیٹرولیم لیوی کی مد میں 1050 ارب روپے سے زائد وصول کرنے کا ہدف متوقع ہے۔آئندہ مالی سال 2024-25 میں سرکاری ملازمین کی ریٹائرمنٹ کیلیے عمر کی حد بڑھا کر62 سال کرنے اور قومی خزانے پر پنشن بل کا بوجھ کم کرنے کیلیے جامع پنشن اصلاحات متعارف کروانے کا اصولی فیصلہ کیا گیا ہے۔پنشن اصلاحات کے تحت نئے بھرتی ہونے والے ملازمین کیلیے بھارت کی طرز پر رضاکارانہ کنٹری بیوٹری پنشن سسٹم متعارف کروانے، ریٹائر ہونے والے ملازمین کو تاحیات کی بجائے 20 سال تک پنشن دینے ، ملازمین کی فیملی پنشن کی مدت 10 تا 15 سال اور بیٹی کی پنشن ختم کرنے اور کموٹیشن کم کیے جانے کا بھی امکان ہے۔دوسری جانب آئندہ مالی سال 2024-25 کے وفاقی بجٹ میں دوہزار ارب روپے کا اضافی ریونیو حاصل کرنے کے لیے پٹرولیم مصنوعات پر 5 فیصد سیلز ٹیکس عائد کرنے،جی ایس ٹی کی معیاری شرح میں ایک فیصد اضافہ اور غیر ضروری ٹیکس چھوٹ ختم کرنے سمیت دیگر نئے ٹیکسز عائد کیے جانے کا امکان ہے۔پٹرولیم مصنوعات پر ابتدائی مرحلے میں 5 فیصد سیلز ٹیکس عائد کرنے کی تجویز ہے، پٹرولیم مصنوعات پر5 فیصد سیلز ٹیکس عائد کرنے سے تقریبا چھ سو ارب روپے کا ریونیو متوقع ہے۔آئندہ مالی سال کے لیے فنانس بل میں تمام غیر ضروری سیلز ٹیکس چھوٹ ختم کرنے کی بھی تجویز ہے اور سیلز ٹیکس استثنی ختم کرنے سے تقریبا ساڑھے پانچ سو ارب روپے کی اضافی آمدن متوقع ہے، اس کے علاوہ بھی سات سو ارب روپے مزید حاصل کرنے کے لیے مختلف تجاویز زیر غور ہیں۔ اضافی ٹیکس ہدف پورا کرنے کے لیے سیلز ٹیکس کی شرح مزید ایک فیصد بڑھنے کا امکان جس سے اربوں روپے کا اضافی ریونیو تو متوقع ہے تاہم اس سے مہنگائی بھی بڑھنے کا خدشہ ہے جس کی وجہ سے کچھ حلقوں کی جانب سے اس کی مخالفت بھی کی جارہی ہے جبکہ کمرشل درآمدکنندگان کے لیے درآمدی ڈیوٹیز کو ایک فیصد بڑھانے کی تجویز بھی زیرغور ہے۔اسی طرح کمرشل درآمدکنندگان پرڈیوٹیز کی شرح بڑھانے سے 50 ارب روپے کی اضافی آمدن کا تخمینہ لگایا گیا ہے اور یہی آئی ایم ایف مطالبات کررہا ہے۔آئی ایم ایف نے پاکستان سے آئندہ مالی سال کا ٹیکس ہدف 12 ہزار 900 ارب روپے مقرر کرنے کا مطالبہ کیا ہے جس کیلیے ایف بی آر کو 3 ہزار 490 ارب روپے کی زائد ٹیکس وصولی کرنا ہوگی، اسی طرح آئی ایم ایف نے انکم ٹیکس جمع کرانے والوں کی تعداد دوگنا کرکے یہ تعداد بڑھا کر 60 لاکھ سے زائد کرنے اور تاجروں کو ہر صورت انکم ٹیکس نیٹ میں لانے کا مطالبہ کیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ آئندہ سال کا ٹیکس ہدف حاصل کرنے کیلیے ہر طرح کا ٹیکس استثنی ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کیلیے زرعی اشیا، بیجوں، کھاد، ٹریکٹر اور دیگر آلات پر مکمل سیلز ٹیکس عائد کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق خوراک، ادویات، اسٹیشنری پر 10 فیصد سیلز ٹیکس عائد کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے، و فاقی بجٹ 2024-25 میں ایس ایم ایز کو دی جانے والی ٹیکس چھوٹ ختم کرنے کی سفارش کی گئی۔ذرائع کے مطابق درآمدی سامان پر ٹیکس ڈیوٹیز بڑھانے سمیت بجٹ میں فوڈ آئٹم پر سیلز ٹیکس چھوٹ ختم کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ودہولڈنگ ٹیکس، سیلز ٹیکس چھوٹ ختم، کسٹم ڈیوٹیز کی شرح بڑھانے کی تجاویز کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ نئے مالی سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کی تشکیل میں قومی اقتصادی کونسل اور خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی سفارشات و ہدایات کو بھی مدنظر رکھا گیا ہے، نئے مالی سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شعبہ جاتی حکمت عملی، بنیادی ڈھانچہ کی ترقی، صنعتی سرگرمیوں میں اضافہ، توانائی میں کفایت، آبی وسائل کی ترقی ، ٹرانسپورٹ اور مواصلات کو بہتر بنانے، سماجی شعبوں، سائنس اور آئی ٹی، گورننس، پیداواری شعبوں اور متوازن علاقائی ترقی کو یقینی بنایا گیاہے ۔حکومت نے ملکی اور بین الاقوامی محاذوں پر معیشت کو درپیش موجودہ چیلنجز اورمشکلات کے تناظر میں بجٹ تشکیل دے رہی ہے جس کے بیشتر نکات کوتقریبا حتمی شکل دی جا چکی ہے۔ نئے مالی سال کے وفاقی بجٹ میں عوام کی تکالیف کو کم کرنے، زرعی شعبے میں بہتری لانے، انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کو فروغ دینے اور برآمدات میں اضافہ پرخصوصی توجہ دی گئی ہے۔نئے مالی سال کے وفاقی بجٹ میں مالیاتی انتظام کے علاوہ محصولات کومتحرک کرنے، معاشی استحکام اور نمو کے لئے اقدامات، غیر ترقیاتی اخراجات میں کمی، روزگار کے مواقع میں اضافہ اور ملک کی سماجی و اقتصادی خوشحالی کے لئے عوام دوست پالیسیاں شامل ہوں گی۔