میرپور(صباح نیوز)

آزاد جموں وکشمیر ہائی کورٹ نے چیئرمین واپڈا ،چیف سیکریٹری آزادکشمیر، ایدیشنل چیف سیکرٹری سمیت 6 اعلی آفیسران کو توہین عدالت کے نوٹس جاری کر دئیے ۔متاثرین منگلا ڈیم کو اربوں روپے کے معاوضہ جات کی عدم ادائیگی اور رٹھوعہ ہریام برج کو مکمل نہ کرنے پر نوٹس  ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے دائر رٹ پٹیشن پر جاری ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق آزاد جموں کشمیر ہائی کورٹ نے 15 نومبر 2019 کو اپنے فیصلہ میں حکم جاری  کیا تھا کہ رٹھوعہ ہریام برج کو مکمل اور متاثرین منگلا ڈیم کے اربوں روپے کے واجبات ادا کئے جائیں لیکن نہ تو معاوضہ جات کی ادائیگی کی گئی اور نہ ہیں برج مکمل ہوا ۔جس پر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن میرپور کی جانب سے توہین عدالت کی رٹ پٹیشن دائر کی گئی ۔عدالت العالیہ کے جج جسٹس محمد شیراز کیانی نے رٹ کی سماعت کے بعد چیرمین واپڈا جنرل( ریٹائرڈ )مزمل حسین، چیف سیکرٹری ڈاکٹر شہزاد بنگش، ایڈیشنل چیف سیکرٹری آصف علی شاہ،  چیف انجینئر عبدالحمید شیخ، کمشنر میرپور چوہدری محمد رقیب خان، کلکٹر امور منگلا ڈیم چوہدری محمد ایوب کو توہین عدالت کے نوٹسز جاری کر دیے ۔ عدالت نے انہیں 12 اگست 2020 کو طلب کرلیا  ہے ادھر وکیل پیٹیشنر امتیاز راجہ نے صباح نیوز کو بتایا کہ متاثرین کے چار ارب روپے سے زائد بقایا جات ہیں اور رٹھوعہ ہریام پل کو بھی مکمل نہ کیا گیا جسکی وجہ سے بار نے رٹ دائر کی ھے