ایمریٹس نے کرونا سے متعلق سفری ہدایات کو سادہ بنانے ایاٹا ٹریول پاس کا آزمائشی استعمال شروع کردیا

کراچی (ویب نیوز ) ایمریٹس نے انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن (ایاٹا) ٹریول پاس موبائل ایپ کے ساتھ آزمائشی بنیادوں پر کام کی شروعات کا اعلان کیا ہے۔ اس موبائل ایپ کے ذریعے مسافروں کو کرونا سے متعلق ٹیسٹنگ یا ویکسین کی کسی بھی ملک کی حکومتی ہدایات کی باآسانی اور بحفاظت طریقے سے پاسداری میں مدد ملے گی۔

اس آزمائش ڈیجیٹل پاسپورٹ کے سلسلے میں پہلی مسافر پرواز ای کے 185 دبئی سے بارسلونا روانہ ہوئی جس میں ایمریٹس کے ساتھ سفر سے قبل کرونا ٹیسٹ کے اسٹیٹس کی تصدیق اور معلومات فراہم کی گئیں۔

اس آزمائش میں مسافروں کو ڈیجیٹل طریقے سے پورے سفری تجربے کی بحفاظت اور بلاتعطل طور پر کرونا سے متعلق معلومات کے انتظام کے قابل بنایا گیا ہے۔ مسافر مستقبل میں دوران سفر باسہولت انداز سے حکام اور ایئرلائنز کے ساتھ ویکسی نیشن سرٹیفکیٹس بھی پیش کرسکیں گے۔

ایمریٹس کے چیف آپریٹنگ آفیسر عادل الرضا نے کہا، "سفر کے لئے ڈیجیٹل طریقے سے مسافروں کی کرونا سے متعلق معلومات کا جائزہ لینے کی خصوصیت ایک اہم پیش قدمی ہوگی۔ اس آزمائشی مرحلے کے دوران ہم اس رئیل ٹائم معلومات کے تبادلے کے عمل کی بنیاد رکھنے اور ایاٹا کے ساتھ شراکت دار بننے پر خوش ہیں۔ جلد ہی ہم اپنے صارفین کی مزید آسانی کے لئے دیگر اقدامات متعارف کرائیں گے۔”

یہ آزمائش ایمریٹس کی دبئی سے بارسلونا اور لندن ہیتھرو سے دبئی آنے والی منتخب پروازوں پر کی جارہی ہے اور جلد ہی دیگر روٹس پر بھی اسے توسیع دی جائے گی۔ اہلیت رکھنے والے مسافروں کو ذاتی طور پر ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے کی دعوت دی جارہی ہے اور سفر سے قبل ڈیجیٹل ٹریول پاس کے لئے ان کا اندراج کیا جارہا ہے۔ دبئی میں ایمریٹس نے پرائم ہیلتھ کیئر کی منتخب لیب کے ساتھ اشتراک کیا ہے جو اس بات کے لئے بااختیار ہیں کہ ایپ کے ذریعے مسافروں کو بحفاظت انداز سے ٹیسٹ کے نتائج بھیجے جائیں۔ برطانیہ سے آنے والے مسافر اپنے ٹیسٹ منتخب اسکرین 4 لیب پر کروا سکتے ہیں۔

ایاٹا ٹریول پاس ایپ میں سفری ہدایات کی جامع اندراج کی بدولت مسافروں کو تمام مقامات پر داخلے اور سفر سے متعلق درست معلومات مل پائیں گی، چاہے ان کا سفری شیڈول کسی بھی طرح کا ہو۔ اس میں لیب کا اندراج بھی شامل ہوگا جس کی وجہ سے مسافروں کو روانگی کے مقام پر ٹیسٹنگ مراکز اور لیب تلاش کرنے میں مزید آسانی ہوگی۔