اسلام آباد  (ویب ڈیسک)

وزیر اعظم عمران خان نے عوامی شکایات کے حل کے لئے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے سرکاری افسران کی کارکردگی رپورٹ عوامی مسائل کے حل کے ساتھ مشروط کرنے کی ہدایت کی ہے۔  اے سی آر میں عوامی شکایات کے زالہ پر کارکردگی کا درجہ اور نمبر دینے کی تجویز دی گئی ہے اور اس حوالہ سے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو طریقہ کار وضع کرنے کے لئے مراسلہ جاری کردیا گیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق عوامی شکایات کے حل میں  سرکاری افسران کی جانب سے کوتاہی برتی جارہی تھی اور اس حوالہ سے متعدد بار وزیر اعظم عمران خان کو آگاہ کیا گیا اور سرکاری افسران کو تنبیہ کی گئی تھی کہ وہ عوامی شکایات کے حل میں کوتاہی نہ برتیں۔ اب اس معاملہ کو ہمیشہ کے لئے حل کرنے کے حوالہ سے تجویز دی گئی ہے کہ سرکاری افسران کی کارکردگی کے حوالہ سے اے سی آر کو عوامی شکایات کے حل کے ساتھ منسلک کیا جائے اور اس حوالہ سے وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر وزیر اعظم آفس کی جانب سے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو مراسلہ جاری کیا گیا ہے ۔ مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ عوامی شکایات کو حل کرنا کسی بھی سرکاری افسر کی اولین ذمہ داری ہونی چاہئے اور شکایات کا فوری حل اور عوام کا اطمینان سرکاری افسر کی کارکردگی جانچنے کا بہترین پیمانہ ہو سکتا ہے۔ سرکاری افسران کی اے سی آر میں عوامی شکایات کے حل کی کارکردگی کو شامل کرنے کا طریقہ کار بنایا جائے اور طریقہ کار وضع کرکے وزیر اعظم آفس کو اس حوالہ سے رپورٹ دی جائے تاکہ آئندہ افسران کی اے سی آر کو عوامی شکایات کے حل کے حوالہ سے کارکردگی سے مشروط کیا جائے۔