کراچی:ایف پی سی سی آئی کی مسلسل کم ہوتی آمدنی اور خراب مالیاتی پوزیشن پر یونائٹیڈ بزنس گروپ(یو بی جی) کا اظہارتشویش
سال2021میں مجموعی آمدنی 14کروڑ87لاکھ روپے، اخراجات 17کروڑ76لاکھ روپے ،موجودہ صدر کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ یو بی جی قیادت

کراچی(ویب  نیوز)وفاق ایوانہائے صنعت وتجارت(ایف پی سی سی آئی) کی انکم میں خوفناک حد تک کمی ہوگئی ہے اور خدشہ ہے کہ ایک سال بعد فیڈریشن چیمبر آف کامرس بینک نادہندہ ہوجائے گا۔ یونائٹیڈ بزنس گروپ(یو بی جی)نے ایف پی سی سی آئی کی مسلسل کم ہوتی آمدنی اور خراب مالیاتی پوزیشن پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ یو بی جی قیادت نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی کی سال2021میں مجموعی آمدنی 14کروڑ87لاکھ روپے ہوئی جبکہ اخراجات 17کروڑ76لاکھ روپے کئے گئے اس طرح 2کروڑ89لاکھ روپے ایف پی سی سی آئی میں پہلے سے موجود خزانے سے خرچ کردیئے گئے جو ایف پی سی سی آئی کے موجودہ صدر کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔یو بی جی کی جانب سے پیش کردہ اعداد وشمار کے مطابق ایف پی سی سی آئی کو فیڈریشن کے ہیڈ آفس اور کیپٹل آفس سے کرایے کی مد میں 13کروڑ92لاکھ روپے حاصل ہوئے جبکہ ملازمین کی تنخواہوں کی مد میں 12کروڑ روپے خرچ کئے گئے اسی طرح  ٹریڈ باڈیز سے سالانہ  فیس کی مد میں50ر وپے کی وصولی کی گئی  اورریجنل آفس کوئٹہ،لاہور اورپشاور کے کرایوں پر66لاکھ روپے کی ادائیگیاں کی گئیں۔ایف پی سی سی آئی کوگزشتہ مالی سال2021میںممبرشپ سالانہ بک کی مد میں 5لاکھ روپے حاصل ہوئے  اورہیڈ آفس،کیپٹل آفس ،ریجنل آفس لاہور،کوئٹہ اورپشاور افس کے یوٹیلٹی بلزکی مد میں ایک کروڑ20لاکھ روپے خرچ کئے گئے۔فیڈریشن کی بزنس کونسل کی سالانہ فیس سے30لاکھ روپے وصول ہوئے  اورفرنیچر کی خریداری،رینوویشن،ڈیکوریشن کی مد میں 10لاکھ روپے خرچ کئے گئے۔اسٹینڈنگ کمیٹیز کی سالانہ ممبر شپ فیس کی مد میں 10لاکھ روپے وصول کئے گئے مگر فیڈریش کی قیادت نے ہیڈ آفس میںسولر پینل سسٹم لگانے  کیلئے80لاکھ روپے خرچ کردیئے۔اسی طرح فیڈریشن کے صدر کوٹریڈ فیئرز،ایگزی بیشن،ٹریڈ ڈیلی گیشن2021 میں فیڈریشن کو ایک پیسہ بھی وصول نہ ہوسکا لیکن  فیڈریشن کے کیپٹل آفس کی بائونڈری وال کی تعمیرپرایک کروڑ روپے خرچ کر ڈالے۔اسی طرح ایکسپورٹ ٹرافی ایوارڈسال2020اورسال2021 کا انعقاد نہ ہونے سے ایک پیسہ بھی ایف پی سی سی آئی  قیادت نہ کما سکی اور نہ ہی ان دونوں سال میں اچیومنٹ ایوارڈ منعقد کیا جاسکا جبکہ برانڈ آف دی ایئرایوارڈ بھی ان دونوں سالوں میں منعقد نہ ہوسکے مگر اسلام آبد کیپٹل آفس کی ازسرنو تزئین وآرائش،عہدیداروں کے رشتہ داروںاورامپریس فنڈز کی مد میں مجموعی طور پر تقریباً2کروڑ روپے خرچ کردیئے گئے۔یونائٹیڈ بزنس گروپ کی قیادت نے ایف پی سی سی آئی کی بدترمالیاتی پوزیشن پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یو بی جی عہدیداران نے فیڈریشن میں اربوں روپے کا خزانہ چھوڑا تھا جسے ذاتی نمود ونمائش پر خرچ کیا جارہا ہے،ایف پی سی سی آئی کے موجودہ صدر اوربزنس مین پینل کی قیادت ایف پی سی سی آئی کے خزانے کو گھرکی لونڈی سمجھ لیا ہے اوراپنی جیب سے ایک پیسہ بھی خرچ نہیں کیا جارہا جبکہ یو بی جی کے عہدیداران اپنے دور میں تمام تر اخراجات اپنی جیب سے ادا کرتے رہے ہیں ،بزنس کمیونٹی کو ایف پی سی سی آئی کی بدتر صورتحال پر سخت تشویش ہے ۔