لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم ڈی جی آئی ایس آئی تعینات

لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کور کمانڈر پشاور ، لیفٹیننٹ جنرل محمد سعید کور کمانڈر کراچی تعینات

لیفٹیننٹ جنرل محمد عامر کور کمانڈر گوجرانوالہ، لیفٹیننٹ جنرل سیدعاصم منیرکو کوارٹر ماسٹر جنرل تعینات کر دیا گیا

لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود صدر نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی، لیفٹیننٹ جنرل عاصم ایڈجوٹنٹ جنرل تعینات کیے گئے ہیں ، آئی ایس پی آر

راولپنڈی( ویب  نیوز)لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم کو ڈی جی آئی ایس آئی تعینات کر دیا گیا جبکہ سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو کور کمانڈر پشاور تعینات کر دیا گیا ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج میں اعلی سطح تقرریوں اور تبادلوں کی منظوری دیدی ہے۔ کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم کو ڈی جی آئی ایس آئی تعینات کیا گیا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل محمد سعید کو کور کمانڈر کراچی تعینات کیا گیا ہے۔آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سابق ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید کو کور کمانڈر پشاور تعینات کیا گیا،لیفٹیننٹ جنرل محمد عامر کو کور کمانڈر گوجرانوالہ تعینات کر دیا گیا ہے جبکہ لیفٹیننٹ جنرل سید عاصم منیر کو جی ایچ کیو میں کوارٹر ماسٹر جنرل تعینات کر دیا گیا ہے ۔ لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود صدر نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی تعینات کیے گئے ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق میجرجنرل عاصم ملک کی لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی ہوئی ہے، لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک پاک فوج کے ایڈجوٹنٹ جنرل تعینات کیے گئے ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم نے پنجاب رجمنٹ کی لائٹ اینٹی ٹینک بٹالین میں کمیشنڈ حاصل کیا، انہیں کمانڈ اسٹاف اور انسٹرکشنل اسائمنٹس کا تجربہ ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق نو تعینات ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم کمبائنڈ آرمز سینٹر یوکے سے گریجویٹ ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم اسٹاف کالج کوئٹہ کے بھی گریجویٹ ہیں۔ آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم ایڈوانس اسٹاف کورس برطانیہ کے بھی گریجویٹ ہیں۔واضح رہے کہ اس سے قبل لیفٹیننٹ جنرل محمد عامر کوارٹر ماسٹر جنرل کے طور پر ذمہ داریاں سرانجام دے رہے تھے جبکہ لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر بطور کور کمانڈر گوجرانوالہ خدمات سرانجام دے رہے تھے ۔