جشن عید میلاد النبیﷺ جوش و جذبے سے منانے میں حکومت کا ساتھ دیں گے۔ شکیل منیر
جشن عید میلادالنبیﷺ منانے میں ضلعی انتظامیہ نجی شعبے سے تعاون کرے گی۔ عوید ارشاد بھٹی

اسلام آباد (ویب نیوز  ) اسسٹنٹ کمیشنر انڈسٹریل ایریا اسلام آبادعوید ارشاد بھٹی نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اورجشن عید میلاد النبی ﷺ پرجوش طریقے سے منانے کیلئے چیمبر کے عہدیداران کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا حکومت چاہتی ہے کہ اس مبارک دن کو منانے کیلئے اسلام آباد کی مارکیٹوں اور صنعتی علاقوں میں بھرپور چراغاں کیا جائے لہذا چیمبر اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ہرممکن تعاون کرے۔ جب تاجر برادری نے ان کے نوٹس میں یہ بات لائی کہ مارکیٹ میں چراغاں والی لائٹوں کی قلت ہو گئی ہے تو انہوں نے کہا کہ اگر کسی کو لائٹیں نہیں مل رہی ہیں تو ضلعی انتظامیہ کے ساتھ رابطہ کیا جائے تا کہ لائٹوں کی فراہمی میں انتظامیہ بزنس کمیونٹی کے ساتھ تعاون کرے۔انہوں نے کہا کہ چیمبر نے ہر اہم موقع پر ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کیا ہے جو قابل ستائش ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بزنس کمیونٹی معیشت کی ترقی اور روزگار کی فراہمی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے لہذا انہوں نے ضلعی انتظامیہ کے افسران اور چیمبر کے درمیان مزید قریبی روابط کی ضرورت پر زور دیا تا کہ مل جل کر بزنس کمیونٹی کے اہم مسائل کو حل کیا جائے اور کاروباری سرگرمیوں کو بہتر فروغ دینے میں نجی شعبے کے ساتھ تعاون کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی پر قابو پانے کیلئے قیمتوں کے طریقہ کار کو مزید بہتر کیا جا رہا ہے لہذا تاجر برادری قیمتوں کو قابو میں رکھنے میں تعاون کرے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ تاجر برادری نے جن مسائل کی نشاندہی کی ہے ان کے بہتر حل کیلئے ضلعی انتظامیہ پوری کوشش کرے گی۔


اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد شکیل منیر نے کہا کہ اس سال حکومتی سطح پر جشن عید میلاد النبی ﷺ کی تقریبات منانے کی سرپرستی کی جا رہی ہے جو خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی پہلے ہی جشن عید میلاد النبیﷺ پورے جوش و جذبے کے ساتھ منانے کی تیاریاں کر رہی ہے اور اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ اسلام آباد کی تمام مارکیٹوں اور صنعتی علاقوں میں چراغاں کر کے اس مبارک دن کو پوری عقیدت و احترام کے ساتھ منانے کیلئے حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مارکیٹ میں چراغاں والی لائٹوں کی قلت کا مسئلہ حل کرنے میں ضلعی انتظامیہ پورا تعاون کرے تا کہ سب اس مبارک دن کو بھرپور طریقے سے منا سکیں۔ انہوں نے مارکیٹوں میں کار شو رومز کی وجہ سے پیدا ہونے والے پارکنگ کے مسائل، ر یڑھیوں کی وجہ سے دکانداروں کے کاروبار کو ہونے والے نقصان اورسائبر کرائمز سمیت بزنس کمیونٹی کے دیگر مسائل سے بھی اسسٹنٹ کمیشنر کو آگاہ کیا اور ان کے حل کیلئے ضلعی انتظامیہ کے تعاون پر زور دیا۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر جمشید اختر شیخ، نائب صدر محمد فہیم خان، محمد اعجاز عباسی، خالد چوہدری، طاہر عباسی، سیف الرحمٰن خان، راجہ عبدالمجید، اشفاق چھٹہ، سعید بھٹی اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ جشن عید میلاد النبی ﷺ کو جوش و ولولے کے ساتھ منانے کیلئے تاجر برادری ضلعی انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں وفاقی دارالحکومت کی تمام مارکیٹوں اور صنعتی علاقوں میں چراغاں کر کے حضرت محمد ﷺ کے ساتھ عقیدت کا بھرپور مظاہرہ کیا جائے گا۔