جمعیت علماء اسلام کو برتری حاصل ،پاکستان تحریک انصاف کو شکست کا سامنا

تحصیل چمکنی کی نشست پر عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار محمد عمر نے تیمور سلیم جھگڑا کے آبائی حلقے میں کامیابی حاصل کی

پشاور (ویب ڈیسک)

پشاورسمیت صوبے کے 17اضلاع میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں حکمران جماعت تحریک انصاف کو شدید دھچکا لگا ہے اور اسے شکست کا سامنا کرناپڑرہا جبکہ جے یو آئی(ف)کی پوزیشن انتہائی مضبوط ہے ۔تحریک انصاف کو اپنے مضبوط گڑ ھ میں بھی شکست کا سامنا کرناپڑرہا ہے۔غیر سرکاری او ر غیر حتمی نتائج کے مطابق خیبرپختونخوا کے 17 اضلاع کی 64 تحصیلوں میں منعقد ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں ابتدائی نتائج کے مطابق تحصیل چیئرمین کے لیے جمعیت علماء اسلام 18 نشستوں کے ساتھ سرفہرست ہے اور جیسے جیسے مزید نتائج آ رہے ہیں جے یو آئی کی برتری میں بھی اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔پشاور کی اہم ترین نشست پر بھی جے یو آئی کے امیدوار زبیر علی نے تحریک انصاف کو شکست سے دوچا کیا ہے ۔پشاور میں تحریک انصاف کو بڑا دھچکا لگا ہے۔ 7 تحصیلوں میں سے پی ٹی آئی صرف ایک نشست جیت سکی ہے جبکہ جے یو آئی اب تک 3 اور اے این پی دو تحصیل کونسلز جیتنے میں کامیاب ہوگئی ہے ۔پشاور سٹی میئر کی نشست پر بھی جے یو آئی نے میدان مار لیا اور الیکشن بھاری اکثریت سے جیت لیاہے۔ جے یو آئی کے زبیر علی کو 12 ہزار سے زائد ووٹوں کی برتری حاصل ہوئی جبکہ پی ٹی آئی کے رضوان بنگش دوسرے نمبر پر رہے۔جے یو آئی کے زبیر علی نے 62ہزار388ووٹ حاصل کئے جبکہ تحریک انصاف کے امیدوار رضوان بنگش کو 50ہزار659ووٹ ملے ۔اسی طرح غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق مردان میں پی ٹی آئی کا صفایا ہوگیا۔ 3 تحصیلوں پر جمعیت علماء اسلام (ف) کامیاب قرار پائے جبکہ 2 تحصیلوں پر اے این پی کے امیدواروں نے میدان مارلیا۔تحصیل چارسدہ چیئرمین شبقدر کی نشست پر جے یو آئی کے حمزہ آصف 33 ہزار 244 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے ۔ٹانک کی دونوں تحصیلوں میں بھی جے یو آئی کے امیدوار کامیاب ہوگئے ۔لکی مروت کی تحصیل نورنگ میں جماعت اسلامی کے امیدوار حاجی عزیز اللہ 17 ہزار ووٹ لے کر الیکشن جیت گئے ۔اسی طرح پشاور سے متصل تحصیل چمکنی کی نشست پر بھی تحریک انصاف کو بڑی شکست کا سامنا کرناپڑا ہے جہاں عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار محمد عمر نے پی ٹی آئی کو شکست دی ۔واضح رہے کہ تحصیل چمکنی صوبائی وزیر صحت تیمور جھگڑا کا آبائی حلقہ ہے اور 2018ء کے الیکشن میں صوبائی وزیر نے یہاں سے بھر پور کامیابی حاصل کی تھی تاہم بلدیاتی انتخابات میں اس حلقے سے تحریک انصاف کو بری طرح شکست ہوئی ہے ۔