لاہور (ویب ڈیسک)

پنجاب حکومت نے لاہور کے علاقے انارکلی بازار میں ہونے والے دھماکے میں جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں کے لیے امداد کا اعلان کردیا۔  لاہور کے علاقے انارکلی بازار میں ہونے والے دھماکے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کو فی کس 10 لاکھ اور زخمی افراد کے لیے ایک لاکھ روپے کا اعلان کیا گیا ہے۔پنجاب حکومت کی جانب سے دھماکے کے شدید زخمی افراد کے لیے 5 لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا گیا۔وفاقی وزیر حماد اظہر، وزیر بلدیات محمود الرشید، ڈپٹی کمشنر لاہور نے میو اسپتال کا دورہ کیا اور شدید 5 زخمی افراد کو فی کس 5 لاکھ روپے کے چیک دیے۔وزراء کی جانب سے تین معمولی زخمیوں کو فی کس ایک لاکھ روپے کے چیک تقسیم کیے گئے، تین جاں بحق افراد کے لواحقین میں فی کس دس لاکھ روپے کے چیک تقسیم کیے جائیں گے۔ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ جو زخمی گھر جاچکے ہیں انہیں گھر جاکر چیک تقسیم کیے جائیں گے۔واضح رہے انارکلی بازار میں دو روز قبل ہونے والے دھماکے میں تین افراد جاں بحق جبکہ 26 زخمی ہوئے تھے، دھماکے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کیا گیا، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دو مبینہ سہولت کاروں کو گرفتار کیا ہے جبکہ واقعے مزید تحقیقات جاری ہیں۔