نئی دہلی  (ویب ڈیسک)

بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس رہنما پریانکا گاندھی نے کرناٹک میں باحجاب طالبات کے تعلیمی اداروں میں داخلے پر پابندی پر بیان جاری کردیا۔پریانکا گاندھی نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ خواتین کو ہراساں کرنا بند کرو، حجاب ہو، گھونگٹ ہو یاجینز، خواتین کو مرضی کے کپڑے پہننے کا اختیار ہے۔انہوں نے کہا کہ خواتین کو اپنی مرضی کے لباس پہننے کا اختیار آئین میں دیا گیا ہے۔پریانکا گاندھی نے اپنے ٹوئٹ کے آخرمیں ہیش ٹیگ لڑکی ہوں، لڑسکتی ہوں کا بھی استعمال کیا۔واضح رہے کہ حجاب پر پابندی کا معاملہ بھارتی ریاست کرناٹک سے بھارتی ریاست مدھیہ پردیش اور پڈوچیری تک پھیل گیا۔جنوب مغربی ریاست کرناٹک میں دو کالجز نے باحجاب طالبات کو داخلے سے روک دیا ہے۔بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے وزیرِ تعلیم بھی اسکولوں میں حجاب پر پابندی میں انتہاپسندوں کی حمایت میں بولے تھے۔وزیرتعلیم مدھیہ پردیش نے مسلم طالبات کے حجاب کی مخالفت میں کہا کہ حجاب یونی فارم کاحصہ نہیں، اسکولوں میں حجاب لینے پر پابندی ہونی چاہیے۔