حکومت نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے راستے کھو ل دیئے ، عارف علوی

طلبا محنت کریں، آئی ٹی کے شعبے میں آپ کے پاس ہزاروں مواقع ہیں

پاکستان کا نوجوان علم کے حصول کے لیے کوشاں ہے، یہ بدلتاہوا پاکستان ہے

چین پاکستانی آئی ٹی انڈسٹری میں سرمایہ کاری کرنا چاہتا ہے

صدر مملکت کا ایس ڈبلیوآئی ٹی کے زیر اہتمام صدارتی اقدام مصنوعی ذہانت اور کمپیوٹنگ کے گرینڈ انٹری ٹیسٹ 2022 سے خطاب

کراچی( ویب  نیوز)صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کہا ہے کہ حکومت نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے راستے کھول دئیے ہیں، ٹی وی پر ہر وقت ماتم چلتا رہتا ہے کہ یہ ہو گیا وہ ہو گیا، نوجوان اسے بھول جائیں، طلبا ء کو سخت محنت کرنی چاہیے اور ملک میں آئی ٹی کی تعلیم پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے ، ایک بار جب آپ تعلیم مکمل کر لیں گے تو آپ دنیا بھر میں اس شعبے میں ہزاروں مواقع سے فائدہ اٹھائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو یہاں نیشنل سٹیڈیم میں سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ(ایس ڈبلیوآئی ٹی)کے زیر اہتمام صدارتی اقدام مصنوعی ذہانت اور کمپیوٹنگ کے گرینڈ انٹری ٹیسٹ 2022 سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

صدر مملکت نے کہا کہ دنیا بھر میں آئی ٹی کے شعبے میں مہارت رکھنے والے 8 کروڑ لوگوں کی ضرورت ہے،آپ کے پاس ملازمت کے مواقع نہیں بلکہ انٹرپرینیورشپ کے مواقع ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت آئی ٹی کے شعبے کو ہر قسم کی مدد فراہم کر رہی ہے اور اس شعبے کی ترقی کو آسان بنانے کے لیے قوانین بنائے گئے ہیں۔ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ حکومت نے ڈیجیٹل اسکل پروگرام جیسے کچھ پروگرام شروع کیے ہیں جو مفت ہے اور آن لائن کلاسز کے ذریعے آئی ٹی کی تعلیم فراہم کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہزاروں طلبا اس پروگرام سے فائدہ اٹھا چکے ہیں اور ڈالروں میں کما رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آئی ٹی کے شعبے میں اپنی تربیت یا تعلیم مکمل کرنے کے بعد، آپ کو انٹرپرینیورشپ شروع کرنے کے لیے مالی مدد کی ضرورت ہو سکتی ہے۔ صدرمملکت نے کہا کہ آپ کو فکر کرنے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ حکومت نے 10 لاکھ روپے تک مالی مدد کے لئے کامیاب جوان پروگرام بھی شروع کیا ہے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت مالی سہولت حاصل کرنا بہت آسان ہے اور یہ سود سے پاک ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ حکومت نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے راستے کھول دئیے ہیں اور چین پاکستانی آئی ٹی انڈسٹری میں سرمایہ کاری کرنا چاہتا ہے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ پاکستان کے نوجوان علم کے حصول کے لیے کوشاں ہیں اور یہ بدلتا ہوا پاکستان ہے، لہذا نوجوانوں کو دوسری چیزوں کو بھلانے دیں اور نوجوان صرف اپنی تربیت اور تعلیم پر توجہ دیں۔صدر مملکت نے دنیا بھر میں پناہ گزینوں کو درپیش مسائل پر بات کرتے ہوئے کہا کہ مہاجرین کو بہت تکالیف اٹھانے پڑے ہیں کیونکہ انہیں مختلف ممالک میں داخلے کی اجازت نہیں تھی لیکن یہ صرف پاکستان تھا جس نے 40 لاکھ افغان مہاجرین کو پناہ دی اور وہ40سال سے یہاں رہ رہے ہیں ۔ تقریب سے سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ چیئرمین مولانا بشیر احمد فاروقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایس ڈبلیو آئی ٹی کا بنیادی مقصد عوام کی خدمت کرنا ہے اور ہماری کوشش ہے کہ ملک کے ہر فرد کی مدد کی جائے۔ تعلیم میں، ہم نوجوانوں کو آئی ٹی کے شعبے میں تربیت دینے کے لیے کام کر رہے ہیں کیونکہ یہ شعبہ ملک کو ترقی دینے میں مدد دے سکتا ہے کیونکہ اس سے ملک میں انٹرپرینیورشپ کو فروغ ملے گا۔صدارتی اقدام مصنوعی ذہانت اور کمپیوٹنگ کے نمائندے ضیا اللہ خان نے بھی اس موقع پر خطاب کیا اور آئی ٹی کے شعبے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ صدارتی اقدام مصنوعی ذہانت اور کمپیوٹنگ کے گرینڈ انٹری ٹیسٹ 2022 میں صوبہ سندھ کے مختلف علاقوں سے 25000 سے زائد طلبا نے حصہ لیا۔