پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کے خلاف ہندوستانی پارلیمنٹ میں ہنگامہ

ایوان کی کارروائی معمول کے مطابق نہ چل سکی

نئی دہلی(ویب  نیوز)پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کے خلاف ہندوستانی پارلیمنٹ میں اپوزیشن کے ہنگامے کا سلسلہ پیر کو بھی جاری رہا۔ بھارتی میڈیاکی رپورٹ کے مطابق ہندوستانی پارلیمنٹ کے ایوان بالا راجیہ سبھا میں حزب اختلاف کے ہنگاموں کے باعث معمول کی کارروائی پیر کو بھی معمول کے مطابق نہ چل سکی۔اس رپورٹ کے مطابق ایوان کی کارروائی شروع ہوتے ہی حزب اختلاف کے اراکین نے پیٹرولیئم مصنوعات کی قیمتوں میں روز افزوں اضافے، ٹریڈ یونینوں کی ہڑتال اور دلتوں پر زیادتی کے خلاف ضابطہ دو سو سڑسٹھ کے تحت بحث کا مطالبہ کیا جسے چیئرمین ایم وینکیا نائیڈو نے مسترد کردیا جس کے بعد اپوزیشن اراکین نے نعرے بازی اور ہنگامہ شروع کردیا۔ اپوزیشن کی نعرے بازی اور ہنگاموں کے نتیجے میں چیئرمین نے ایوان کی کارروائی معطل کرنے کا اعلان کردیا۔یاد رہے کہ ہندوستان کی پانچ ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کے بعد، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں دوبارہ روزانہ کی بنیاد پر اضافے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔دہلی میں پیٹرول کی قیمت تیس پیسے کے اضافے کے ساتھ ننانوے روپے اکتالیس پیسے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت پینتیس پیسے کے اضافے کے ساتھ نوے روپے ستتر پیسے فی لیٹر ہوگئی۔