تمام سیاسی فیصلے میری مشاورت سے ہوتے ہیں ،چوہدری شجاعت

ہمارا خاندان اور جماعت ایک ہی پیج پر ہیں، جو افواہیں چلوائی جارہی ہیں وہ غلط ہیں

اختلافات کا پروپیگنڈا کرکے جو سیاسی فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں انہیں مایوسی ہوگی

پیسے کے لین دین کے لفظ کا استعمال نہیں ہونا چاہیے،  غلط قسم کا پروپیگنڈا کرنا نامناسب ہے ،بیان

اسلام آباد ( ویب نیوز)مسلم لیگ (ق)کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ تمام سیاسی فیصلے میری مشاورت سے ہوئے میری مکمل حمایت حاصل ہے، ہمارا خاندان اور جماعت ایک ہی پیج پر ہیں، جو افواہیں چل رہی ہیں اور چلوائی جارہی ہیں وہ غلط ہیں۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہاکہ تمام سیاسی فیصلے میری مشاورت سے ہوئے اور میری مکمل حمایت حاصل ہے، ہمارا خاندان اور جماعت ایک ہی پیج پر ہیں، اس لیے جو افواہیں چل رہی ہیں اور چلوائی جارہی ہیں وہ غلط ہیں۔انہوں  نے کہا کہ پارٹی یا گھر میں تمام فیصلے میری مشاورت اور رضامندی کے ساتھ ہوتے ہیں، وضاحت پریقین نہیں رکھتا، کہنا چاہوں گاکہ مجھے خاندان کا سربراہ سمجھا جاتا ہے۔چوہدری شجاعت نے کہا کہ پیسے کے لین دین کے لفظ کا استعمال نہیں ہونا چاہیے، خاص کر پڑھے لکھے لوگ پیسے کے لین دین کی بات پسند نہیں کرتے،  غلط قسم کا پروپیگنڈا کرنا یا کروانا، حقائق کوجوڑ توڑ کرپیش کرنا یا کروانا بھی نہایت نامناسب ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی تعداد موجودہ اسمبلی میں سابقہ اسمبلیوں سے زیادہ ہے لہذا نوجوانوں پر الزام لگانا اور شک کرنا غلط بات ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجھے بتایا گیا کہ آپ کے خاندان میں اختلافات ہیں، اس بات میں کوئی صداقت نہیں، ہمارا خاندان 50 سال سے پنجاب ہی نہیں پاکستان کے تمام اضلاع میں پھیلا ہوا ہے، اللہ کو حاضر وناظرجان کر کہتا ہوں فیصلے میری رضامندی سے کیے جاتے ہیں، اختلافات کا پروپیگنڈا کرکے جو سیاسی فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں انہیں مایوسی ہوگی۔