نیویا رک  (ویب ڈیسک)

پاکستان اقوام متحدہ کی غیر سرکاری تنظیموں کی کمیٹی (این جی اوز) کے لیے ساتویں مرتبہ دوبارہ رکن منتخب ہو گیا ہے۔یہ انتخاب  گذشتہ روز نیویارک میں اقوام متحدہ کی اقتصادی اور سماجی کونسل میں ہوا۔یہ کمیٹی ایک بین الحکومتی ادارہ ہے جو اقوام متحدہ کے کام میں غیر سرکاری تنظیموں کی شرکت کو کنٹرول کرنے والے قانونی فریم ورک کے نفاذ کی نگرانی کرتا ہے۔ وزارت خارجہ کے دفتر کے ترجمان کے بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ ادارہ این جی اوز کی ان درخواستوں پر غور کرتا ہے جو  ای سو او ایس اور سی کو مشاورتی حیثیت اور ایکریڈیٹیشن حاصل کرنا چاہتی ہیں۔کمیٹی میں پاکستان کا انتخاب اقوام متحدہ کے کام میں اس کے کردار اور شراکت میں عالمی برادری کے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔ این جی اوز کی کمیٹی کے رکن کے طور پر پاکستان اقوام متحدہ اور سول سوسائٹی کی تنظیموں کے درمیان تعاون کو فروغ دیتا رہے گا جو دنیا بھر میں لوگوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے کے لیے حکومتوں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان میں ایک متنوع اور فروغ پزیر سول سوسائٹی ہے۔ ہم نے ہمیشہ کثیرالجہتی بات چیت میں سول سوسائٹی کی مناسب شرکت کے عزم کی حوصلہ افزائی کی ہے اور اس کا مظاہرہ کیا ہے جس کا مقصد انسانیت کو درپیش مشترکہ چیلنجوں کا حل تلاش کرنا ہے۔