نوازشریف فوج کیخلاف بولتا ہے چھوٹا بھائی بوٹ پالش کرتا ہے

کابینہ کا سزا یافتہ شخص سے ملنے لندن جانا پاکستان کی توہین ہے،

سندھ کو میں نے آصف زرداری سے آزاد کرانا ہے، پی ٹی آئی کے جلسے سے خطاب

جہلم (ویب نیوز)

پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہماری جماعت چاروں صوبوں کی جماعت ہے، پاک فوج اور تحریک انصاف پاکستان کو متحد رکھ رہی ہے۔میر جعفر، میر صادق سازش میں ملوث تھے، 22کروڑعوام کے وزیراعظم کوسازش کے تحت نکالا گیا،سندھ کو میں نے آصف زرداری سے آزاد کرانا ہے ،نوازشریف فوج کیخلاف بولتا ہے چھوٹا بھائی بوٹ پالش کرتا ہے ، اربوں روپے کرپشن کیسز میں مفرور شخص نواز شریف کی طلبی پر وفاقی کابینہ کا لندن جانا پاکستان کی توہین ہے۔جہلم میں پی ٹی آئی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ لوگوں کا جذبہ دیکھ کر آپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں، جلسے میں پارٹی جھنڈے سے زیادہ پاکستان کا جھنڈا لے کر آئیں، بہت کم ایسے ہوتا ہے ساری قوم اکٹھی ہوجائے، ساری قوم نے آزادی کی جنگ لڑنے کا فیصلہ کیا ہے، کبھی اتنے بڑے جلسے نہیں دیکھے، جہلم میں ایسا جلسہ پہلے نہیں دیکھا۔انہوں نے کہا کہ اللہ نے ہم پرخاص کرم کیا ہے، ایک پلان انسان، دوسرا اللہ بناتا ہے، امریکی انڈرسیکرٹری ڈونلڈ لو ہمارے سفیر کو تکبرمیں بلا کرحکم دیتا ہے، سفیر کو تکبرانہ اندازمیں کہا گیا اگرعمران خان کو نہ ہٹایا تو بڑا مشکل وقت آئے گا، مجھے ہٹا کرچیری بلاسم کولے آئے تو سب کچھ معاف کر دیا جائے گا، میر جعفر، میر صادق سازش میں ملوث تھے، 22کروڑعوام کے وزیراعظم کوسازش کے تحت نکالا گیا۔عمران خان نے کہا کہ 30 سال سے ملک لوٹنے والے بڑے ڈاکوں کو مسلط کیا گیا، اللہ نے کرم کیا قوم کو بیدار کر دیا، پاکستان کلمے کی بنیاد پر بنا تھا اللہ نے قوم کی خودداری کو جگا دیا، اللہ کا جتنا بھی شکرادا کریں کم ہے، ہماری خودداری کو کرپٹ، غدارلیڈروں نے ختم کر دیا تھا، ان میں خود غیرت نہیں تھی انہوں نے قوم کی غیرت کو بھی نقصان پہنچایا، 26سال سے قوم کی خودداری جگانے کی کوشش کررہا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ علامہ اقبال نے کہا تھا اس رزق سے موت اچھی جس رزق میں آتی ہو پرواز میں کوتاہی، چیری بلاسم بوٹ پالش کو قوم پر بٹھایا تو قوم جاگ گئی، آج پاکستان کو قوم بنتے ہوئے دیکھ رہا ہوں، عمران سارے چوروں کی بندر بانٹ ہو رہی ہے، میں نے سوچا تھا فضل الرحمان کوئی ایجوکیشن کی منسٹری سنبھالیں گے، فضل الرحمان نے این ایچ اے کی منسٹری پیسہ بنانے کے لیے سنبھالی، چوروں کی کابینہ بنی ہے 60 فیصد ضمانت پر ہے، کسی نے 18 قتل کیے ہیں، شریف خاندان نے 40 ارب کی چوری کا حساب دینا ہے، زرداری نے ایان علی کے فیک اکاونٹس کا حساب دینا ہے، سزایافتہ، جھوٹ بول کر بھاگنے والے نے ساری کابینہ کو لندن بلالیا ہے، یہ سارے عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے لندن جارہے ہیں، لندن جا کر مفرور، سزا یافتہ، بزدل کو ملیں گے، بزدل، مفرور سے جا کر ہدایات لیں گے یہ ملک کی توہین ہے۔سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستانیوں نے فیصلہ کرلیا ہے امپورٹڈ حکومت نامنظور، 20 مئی کے بعد اسلام آباد کی کال دوں گا، پہلے سوچا تھا کہ 20 لاکھ لوگ اسلام آباد پہنچیں گے، آپ لوگوں کو دیکھ کرلگ رہا ہے، اب اسلام آباد 25 لاکھ لوگ پہنچیں گے، چیری بلاسم کون ہے بچوں کو بھی پتا چل گیا ہے، نوازشریف اوران کی بیٹی فوج کو برا بھلا اور شہبازشریف بوٹ پالش کرتا ہے، لیگی قائد بزدل جب باہر جاتا ہے تو فوج کو برا بھلا کہتا ہے، شہبازشریف کہتا ہے عمران خان فوج کے خلاف بڑی باتیں کرتا ہے، کچھ تو شرم کرو، شہبازشریف تم ہو وہ میر جعفر، میرجعفر وہ تھا جس نے سراج الدولہ سے غداری کی پھر انگریزوں نے اسے اوپر بٹھایا تم ہو وہ شہباز شریف میرجعفر، آصف زرداری سندھ آرہا ہوں، سندھ کو میں نے آصف زرداری سے آزاد کرانا ہے۔ سابق صدر نے بیرون ملک پیسہ باہر بھیجا سب جانتا ہوں، کہا تھا جب اقتدارسے نکلوں گا تو زیادہ خطرناک ہو جاوں گا۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم ہاوس میں تو میرا وزن بھی بڑھ گیا تھا، یااللہ تیرا لاکھ، لاکھ شکر میری عوام کھڑی ہو گئی ہے، بھارت نے پاکستان کے خلاف 600 جعلی اکاونٹس بنا کرپروپیگنڈا کیا، بھارت نے پاکستان کی فوج اورمیرے خلاف پروپیگنڈا کیا، بھارت نے کیوں فوج اورمجھے نشانہ بنایا، بھارت بلوچستان میں دہشت گردی کرارہا ہے، بھارت کو پتا ہے فوج اورعمران خان پاکستان کواکٹھا رکھ رہی ہے، بھارت اس لیے فوج اورمیرے خلاف پروپیگنڈا کرتا ہے، بھارت کو پتا ہے فوج اور عمران کے ہوتے ہوئے وہ کچھ نہیں کر سکتا، چوروں کا پلندہ مل کر مینار پاکستان میں جلسی بھی نہیں کر سکتے، شہبازشریف شرم کرو، میرا جینا مرنا پاکستان میں ہے، دعا کرتا ہوں میرا نام ای سی ایل ڈال دو باہرنہیں جانا چاہتا۔عمران خان کا کہنا تھا کہ نوازشریف سابق صدر پرویز مشرف سے معاہدہ کر کے گیا تھا، زرداری، نوازشریف مشرف سے این آر او لیکر واپس آئے تھے، ساڑھے تین سالوں میں ایک نجی دورہ نہیں کیا تھا، سابق وزیراعظم نے 24اور سابق صدر نے 50 نجی دورے کیے تھے، انکی ساری پراپرٹی بیرون ملک ہے، شہبازشریف تم کہتے ہومیں فوج کے خلاف ہوں، نوازشریف بھارت گیا تو حریت رہنماوں سے ملنے کے بجائے نریندرا مودی کے جوتے پالش کیے، لیگی قائد بھارتی وزیراعظم سے کہتا ہے میں تو دوستی چاہتا ہوں فوج کا سربراہ نہیں، میری حکومت میں مودی کی میرے آرمی چیف کے خلاف بات کرنے کی جرات نہیں تھی۔انہوں نے مزید کہا کہ کبھی نواز شریف، شہبازشریف کے منہ سے کشمیر کی آزادی کی بات سنی؟ شہبازشریف اقتدارمیں آ کر کہتا ہے بھارت سے دوستی چاہتے ہیں، شہباز شریف تم بھارت سے دوستی کی بات اس لیے کرتے ہو تمہیں یہ حکم دیا گیا، روس ہمیں 30 فیصد سستا تیل دینے پر راضی ہو گیا تھا، موجودہ وزیراعظم تمہارے پاس روس سے سستا تیل لینے کی جرات ہے، پہلے تمہیں روس سے معاہدہ کرنے کی اجازت مانگنی پڑے گی جو نہیں ملے گی، امریکی بھارت کو آزاد فارن پالیسی کی وجہ سے کچھ نہیں کہتے، ہمارا مسئلہ ہمارے حکمران پیسے کے غلام کبھی عوام کے لیے کھڑے نہیں ہوئے، ایک بھٹو کھڑا ہوا تھا اس کے خلاف بھی سازش ہوئی تھی، بھٹو کے خلاف نواز شریف، فضل الرحمان کے بڑے سازش کا حصہ تھے، پاکستانیوں! خوددارقوم کھڑی ہورہی ہے۔اس سے قبل سابق وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جہلم شہیدوں، غازیوں اور محافظوں کا شہر ہے۔ امپورٹڈ وزیر اعظم شہباز شریف کہتے تھے دھمکی آمیز مراسلہ فرضی مراسلہ ہے، جھوٹ کا پلندہ ہے، اگر ثابت ہو گیا مراسلہ سچا ہے تو عمران خان کے ساتھ کھڑا ہو جاں گا، شہباز شریف مراسلے کی صداقت کے اعتراف کے بعد تمہیں اپنی مستند سے اتر کر عمران خان کے قدموں میں بیٹھ جانا چاہیے تھا۔شاہ محمود نے کہا کہ اگر مراسلہ سچا نہیں تھا تو قومی سلامتی کمیٹی نے یہ کیوں فیصلہ کیا کہ امریکہ کے سفیر کو بلا کر احتجاج کیا جائے؟ وہ کہتے ہیں کہ سازش نہیں تھی مداخلت اور دھمکی بھی تھی، قوم نے بتا دیا ہے کہ وہ کسی بیرونی دھمکی سے خوفزدہ نہیں ہے۔ شہباز شریف کا وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کہتا ہے کہ مراسلہ دفتر خارجہ میں گھڑا گیا، اگر یہ قول درست ہے تو جس کابینہ کا تم حصہ ہو اس نے اس کی انکوائری کے لیے کمیشن بنانے کا کیوں کہا۔سابق وفاقی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ میں آج اس امپورٹڈ وزیر خارجہ سے پوچھتا ہوں کہ رمضان میں مسجد اقصی پر متعدد حملے ہوئے کیا بلاول تم نے کوئی بیان دیا، ان حملوں کی مذمت کی، پاکستان پانی کے لیے ترس رہا ہے، بھارت سندھ طاس معاہدے کو ماننے کو تیار نہیں، کیا بلول تم نے اس پر بات کی بھارت سے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ حکومت جو آج آئی ہے اور اس کے اتحادی عمران خان کی حکومت کو مہنگائی پر قابو نہ پانے کے طعنے دیتے تھے، ان کو حکومت کے آئے ایک ماہ ہوا ہے اور مہنگائی کہاں پہنچ گئی ہے۔منحرف اراکین پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں ان لوٹوں کا ذکر کرنا چاہوں گا، وہ 25 لوٹے جن کی وجہ سے آج حمزہ شہباز پنجاب کا وزیر اعلی بنا بیٹھا ہے عنقریب یہ 25 لوٹے فارغ ہونے والے ہیں، جب یہ 25 لوٹے گھر کو لوٹیں گے تو ان کے ساتھ ساتھ حمزہ شہباز کی حکومت بھی گھر لوٹ جائے گی،جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے فوادچوہدری نے کہا کہ اس سے پہلے عوام سوموٹولیں الیکشن کرادیں پاکستان ہمارا گھر ہے اس پر ڈاکوں نے حملہ کر دیا ہے ڈاکوں کے حملے کے بعدایک ہی حل فوری الیکشن کاہے۔فوادچوہدری نے کہا کہ رواں سال 126 جوان پاکستان کی حفاظت کرتے ہوئے شہید ہوئے زیادہ تر شہدا کا تعلق جہلم کی سرزمین سے تھا جہلم کے عوام پاکستان کی بنیادوں میں اپنالہودیتیہیں تاکہ ملک کھڑارہے۔انہوں نے کہا کہ جہلم کی پیاسی دھرتی کوعمران خان نے نہرکاتحفہ دیا یہاں کے عوام آپ کیساتھ پاکستان کی خودمختاری کیلئے ساتھ کھڑ ے ہیں پاکستان کافیصلہ واشنگٹن میں نہیں ہوسکتاہے،پاکستان کے عوام نے کرناہے عمران خان آپ ہماری امید ہیں پاکستان کافیصلہ پاکستان کے عوام  نے کرناہے۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی قیادت میں سربکف ہے پاکستان کے مستقبل کافیصلہ پاکستان کے عوام کریں گے کسی امپورٹڈحکومت یاچیری بلاسم کوہم نہیں مانتے آج ایک نیاڈرامہ ہواہے یہاں کہ کرائم منسٹرکوبھگوڑالندن طلب کر رہا ہے لندن میں بیٹھا بھگوڑا کرائم منسٹر کو کہتا ہے کہ ہمیں نیا این آراو بنا کردو، پاکستان کافیصلہ کوئی چیری بلاسم یا زرداری بیماری نہیں کرسکتا۔