جوڈیشل کمیشن کا اجلاس،سپریم کورٹ میں نئے ججز کی تعیناتی کیلئے تمام نام مسترد

اجلاس میں 5ججز کے ناموں پر غور کیا گیا، زیر غور تمام ناموں کو کثرت رائے سے مسترد کردیا گیا

نامزد ججوں کے خلاف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ،جسٹس طارق مسعود،اٹارنی جنرل،وزیر قانون سمیت 5ووٹ آئے

اسلام آباد (ویب نیوز)

اعلی عدلیہ میں ججز کی تقرری کے لیے قائم جوڈیشل کمیشن نے سپریم کورٹ میں تعیناتی کے لیے زیر غور تمام ناموں کو کثرت رائے سے مسترد کردیا۔ چیف جسٹس  پاکستان  عمر عطا بندیال کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن اجلاس میں پانچ ججز کے ناموں پر غور کیا گیا۔ جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس شاہد وحید، پشاور ہائیکورٹ کے جج جسٹس قیصر رشید خان، سندھ ہائیکورٹ سے تین ججز، جسٹس حسن اظہر رضوی،جسٹس شفیع صدیق، جسٹس نعمت اللہ کو سپریم کورٹ کے جج بنانے پر غور کیا گیا۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ میں اس وقت چار  ججز کے عہدے خالی ہیں لیکن جوڈیشل کمیشن اجلاس میں کسی بھی جج کو سپریم کورٹ لانے کی منظوری نہ ہو سکی، جوڈیشل کمیشن نے زیر غور تمام ناموں کو کثرت رائے سے مسترد کردیا۔ ذرائع کے مطابق چیف جسٹس عمر عطا بندیال کے نامزد ججوں کے خلاف پانچ ووٹ آئے، پانچ ووٹ مخالفت میں آنے پر اجلاس کسی منظوری کے بغیر ختم کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق جسٹس قاضی فائز عیسی، جسٹس طارق مسعود ، اٹارنی جنرل ، وفاقی وزیر قانون اور ممبر اختر حسین  نے مخالفت میں ووٹ دیا۔