سیلاب سے متاثرہ بھائیوں اور بہنوں کی مشکلات کم کرنے میں کوئی کسر نہ چھوڑیں، امدادی کاموں میں مصروف جوانوں سے خطاب

راولپنڈی (ویب نیوز)

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا پنجاب کے سیلاب متاثرہ علاقے روجھان کا دورہ، متاثرین کے کیمپس کا بھی دورہ کیا، سپہ سالار نے کہا کہ پاک فوج مشکل کی اس گھڑی میں ان کی ساتھ کھڑی ہے، مشکلات پر قابو پانے میں بھرپور مدد کریں گے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پنجاب کے سیلاب متاثرہ علاقے روجھان کا دورہ کیا، جہاں آرمی چیف نے سیلاب متاثرین کے کیمپس میں متاثرین سے ملاقات کی، اس موقع پر متاثرین سے بات چیت کرتے ہوئے  جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاک فوج مشکل کی اس گھڑی میں ان کی ساتھ کھڑی ہے، پاک فوج سیلاب متاثرین کی مشکلات پر قابو پانے میں بھرپور مدد کرے گی، اس موقع پر متاثرین نے داد رسی اور امداد پر آرمی چیف کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا، متاثرین کی طرف سے پاک فوج زندہ باد اور پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگائے گئے، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے امدادی کاموں میں مصروف جوانوں سے بھی خطاب کیا اور جوانوں کو ہدایت کی کہ اس ذمہ داری کو نیک مقصد کے طور پر لیں  اور سیلاب سے متاثرہ بھائیوں اور بہنوں کی مشکلات کم کرنے میں کوئی کسر نہ چھوڑیں۔