بھائی پھیرو  (ویب نیوز)

کسان بورڈ پاکستان نے بجلی کے بھاری بلوں،اور زرعی مداخل کی ہوش ربا مہنگائی کے خلاف مرحلہ وارملک گیر احتجاج کرنے کا اعلا ن کر دیا۔ 20ستمبر کو وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی کسان دشمن پالیسیوں کے خلاف ملک بھر میں یوم سیاہ منانے کا اعلان۔تفصیلات کے مطابق کسان بورڈ پاکستان کے سیکرٹری جنرل سید وقار حسین رضوی نے بھائی پھیرو کے کسانوں سے خطاب کرتے اعلان کیا کہ کسان بورڈ پاکستان نے بجلی کے بھاری بلوں،اور زرعی مداخل کی ہوش ربا مہنگائی کے خلاف ملک گیر احتجاج شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔اس سلسلے میں 20ستمبر کو وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی کسان دشمن پالیسیوں کے خلاف ملک بھر میں یوم سیاہ منایا جائے گا اور ملک بھر میں کسان 20 ستمبر کو اپنے سروں پر سیاہ پگڑیاں باندھیں گے  اور بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھیں گے۔اس کے بعد 21 ستمبر کو تمام اضلاع میں پریس کلب کے سامنے زراعت کا علامتی جنازہ پڑھایا جائے گا اور پریس کانفرنس ہو گی۔سید وقار حسین نے مزید کہاکہ مطالبات منظور نہ ہونے کی صورت میں 22ستمبر کو اگلے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔جس میں ملک گیر ٹریکٹر مارچ ،شاہراوں اور موٹرے وے کی بندش اور صوبائی و قومی اسمبلی کے گھیراؤ اور دھرنا پر غور ہو گا۔اس موقع پر بھائی پھیروکے کسانوں نے اپنے مطابات منوانے کیلیے کسان بورڈ پاکستان کی احتجاجی تحریک کا بھرپور ساتھ دینے کا اعلان کیا۔