وفاق آزادکشمیر اورگلگت بلتستان حکومت کو انتقام کا نشانہ بنا رہا ہے، عمران خان

آزادکشمیر کی پی ٹی آئی حکومت کو کمزور کرنے کے لئے وفاق نے ایک سو چالیس ارب غصب کر رکھے ہیں

مجھے نقصان پہنچانے کی کوشش کرنے والے خود غرق ہو چکے، یقین دلاتا ہوں  آپ کی قربانیاں ضائع نہیں ہوں گی، چیئرمین پی ٹی آئی

 آڈیولیکس کے ذریعے پول کھل رہے ہیں، مریم بھارت سے مشنری منگوا رہی ہے، انہیں کشمیریوں کی قربانیاں نہیں پیسہ عزیز ہے

عنقریب بڑی کال دینے والا ہوں عوام تیاری کر لیں، مظفر آباد میں  جلسہ عام سے خطاب

مظفرآباد(ویب  نیوز)

سابق وزیراعظم پاکستان و چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ عنقریب بڑی کال دینے والا ہوں عوام تیاری کر لیں، آزادکشمیر کی عوام کو اپنے بچوں کے مستقبل کی خاطر  میرے ساتھ آنا ہوگا۔ چیف الیکشن کمشنر پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ سکندر سلطان راجہ ن لیگ کے ساتھ مل کر میچ فکس کر تے ہیں،اگر سکندر سلطان راجہ میں غیرت ہے تو استعفیٰ دیں، اگر استعفیٰ نہ دیا تو ہم ان کے خلاف قانونی کاروائی کریں گے۔ قوم آپ کو معاف نہیں کرے گی۔ عوام کے مینڈیٹ کی خلاف ورزی نہیں کرنے دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین پی ٹی آئی نے  جمعرات کے روز مظفرآباد میں بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ جسلہ عام سے وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان ،پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے بھی خطاب کیا۔ اس سے قبل چیئرمین پی ٹی آئی بذریعہ ہیلی کاپٹر مظفرآباد نڑول کرکٹ سٹیڈیم پہنچے تو قائم مقام صدر آزادکشمیر چوہدری انوار الحق، وزیراعظم سردار تنویر الیاس، سابق وزیراعظم سردار قیوم نیازی نے ان کا استقبال کیا۔ عمران خان کو سرکاری گاڑیوں کے کانوائے میں یونیورسٹی گراؤنڈ لایا گیا ۔ کارکنان نے اپنے قائد کا پرتپاک استقبال کیا۔ عمران خان نے اپنے خطاب کے دوران شہبازشریف اور بلاول بھٹو کو نشانے پر رکھا اور کہا کہ  وزیراعظم شہبازشریف بھکاریوں کی طرح پوری دنیا سے مانگ رہے ہیں مگر بیرون ملک دورے پر مہنگے ترین ہوٹلز میں ٹھرے شہباز شریف تم مجھے نقصان پہنچانا چاہتے تھے لیکن تم نے اپنا ہی بیڑا غرق کر دیا۔آزادکشمیر کی پی ٹی آئی حکومت کو کمزور کرنے کے لیئے وفاقی حکومت نے ایک سو چالیس ارب غصب کر رکھے ہیں، دو سوارب آزاد کشمیر کا حصہ بنتا  ہے مگر صرف ساٹھ ارب دیئے ۔آزاد کشمیر میں ن لیگ کی حکومت تھی مگر بطور وزیراعظم پاکستان میں نے آزاد کشمیر کو وافر فنڈز فراہم کیئے مگر آج  آزادکشمیر اور جی بی حکومت کو انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایک طرف ملک سیلاب میں گھرا ہوا ہے اور دوسری جانب وزیراعظم اور وزیرخارجہ دوروں کے دوران عیاشیاں کر رہے ہیں گھر اور فصلیں تباہ ہیں متاثرین سڑکوں پر پڑے ہوئے ہیں مگر بلاول صاحب امریکہ جا کر پتہ نہیں کون سی کہانی سنار رہے ہیں۔ مجھے نقصان پہنچانے کی کوشش کرنے والے خود غرق ہو چکے ہیں۔ ڈونلڈلو کہتا ہے کہ اگر شہباز شریف چیری بلاسم کو لے آئے تو پاکستان کا فائدہ ہوگا، چیری بلاسم کا لفظ میں نے اپنی طرف سے لگایا ہے کیونکہ شہباز شریف جس کے بوٹ دیکھتا ہے پالش کرنا شروع کردیتا ہے۔ عمران خان نے موجودہ حکومت کی پالیسی پر شدید نقطہ چینی کر تے ہوئے کہا کہ کشمیری مجھ سے ملتے ہیں اور پوچھتے ہیں کہ میں ان کی پاکستان کے لیئے قربانیاں ضائع تو نہیں ہونے دوں گا، مگر میں یقین دلاتا ہوں کہ آپ کی قربانیاںضائع نہیں ہوں گی جب تک میں زندہ ہوں ایسا نہیں ہونے دوں گا۔ دنیا کے ہر فورم پر آپ کی آواز اٹھائی اور کشمیر کا سفیر بنا وعدہ ہے جب تک زندہ ہوں ہر عالمی فورم پر کشمیر کی آواز بلند کرتا رہوں گا۔ چیئرمیں تحریک انصاف نے کہا کہ پاکستان اور آزاد کشمیر کی عوام میری کال کا انتظار کریں میں کال دینے والا ہوں۔ عمران خان نے دوران  تقریب سٹیج پر نصب وسیع و عریض ڈیجیٹل سکرین پر شہباز شریف کے چند ویڈیو کلپ دکھائے جس میں وزیراعظم پاکستان ایک غیر ملکی خاتون صحافی کو انٹرویو کے دوران پاکستان کی مدد کی اپیل کررہے ہیں جس پر عمران خان نے شدید جگ ہنسائی کرتے ہوئے کہا کہ یہ وزیراعظم ہے اسے اتنا معلوم نہیں کہ صحافی سے بات کس طرح کرتے ہیں۔ وہ کسی ملک کی سربراہ نہ تھی بلکہ ایک ٹی وی اینکر ہے مگر بھکاری اس سے بھی مانگ رہا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ آج پاکستان کی تاریخ کا فیصلہ کن وقت ہے بیرونی سازش کے ذریعے میری حکومت کر کے امپورٹڈ حکومت کو ہم پر مسلط کیا گیا  ۔چاہتا ہوں دنیا کو پتہ چلے کے سائفر کی حقیقت کیا ہے جس میں کہا گیا کہ بات نہ مانی تو نقصان اٹھانا پڑے گا۔ ہماری مضبوط حکومت گرانے کے لیئے بڑی سازش رچائی گئی اور ہمارے کئی اپنے لوٹے راتوں رات چلے گئے۔ لوٹے جمہوریت کی توہیں ہیں۔سیاست کو تجارت بنا دیا گیا۔ اگر یہ درست طرقے سے کی جائے تو عبادت ہے۔ آج آڈیولیکس کے ذریعے پول کھل رہے ہیں۔ ایک طرف حکومت کہہ رہی ہے کہ بھارت سے تجارت بند ہے مگر دوسری جانب یہی حکومت بھارت سے مریم نواز کے داماد کے لیئے مشینری منگوا رہی ہے۔ انھیں کشمیریوں کی قربانیاں نہیں پیسہ عزیز ہے۔ آڈیو لیک کے متعلق سب جانتے ہیں جس میں شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ میری اور اعظم خان کی آڈیولیک کر دی اب دنیا کو پتہ چلے گا کہ حقیق کیا ہے ۔