•  ٹوئٹر کے جواب کی بنیاد پر تعلقات کا از سر نو جائزہ لیا جائے گا، سی این این نے ٹوئٹر سے صحافیوں کی معطلی پر وضاحت طلب کرلی

نیویارک (ویب نیوز)

ٹوئٹر نے سی این این اور نیویارک ٹائمز کے صحافیوں کے اکاونٹس معطل کردئیے ۔ کئی صحافیوں نے حال ہی میں ٹوئٹر کے نئے مالک ایلون مسک کے بارے میں لکھا تھا، ایلون مسک کے مطابق دن بھر ان پر تنقید کرنا ٹھیک ہے، لیکن ان کی لوکیشن فالو کرنا اور ان کے خاندان کو خطرے میں ڈالنا ہرگز ٹھیک نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ذاتی معلومات کی اشاعت پر پابندی کے قوانین کا اطلاق صحافیوں سمیت سبھی پر ہوتا ہے۔ دوسری جانب سی این این نے ٹوئٹر سے صحافیوں کی معطلی پر وضاحت طلب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹوئٹر کے جواب کی بنیاد پر تعلقات کا از سر نو جائزہ لیا جائے گا۔ واضح رہے گزشتہ روز جنونی شخص نے ایلون مسک کے بیٹے کا تعاقب کرکے گاڑی روک لی تھی، ٹوئٹر کے سی ای او نے تعاقب کرنے والے شخص کی ویڈیو شئیر کرتے ہوئے کہا کہ ان کا بیٹا لاس اینجلس میں سفر کررہا تھا جب جنونی شخص نے گاڑی کو بلاک کیا اور پھر اس کے اوپر چڑھ گیا۔ اس شخص کا خیال تھا کہ ایلون مسک گاڑی میں موجود ہیں۔ واقعے کے بعد ایلون مسک نے نوجوان پروگرامر جیک سوینے کے خلاف قانون چارہ جوئی کا اعلان کیا ہے جس نے ایک ایسا سافٹ ویئر بنا رکھا ہے جو خودکار طریقے سے ایلون مسک کے ذاتی جہاز کی نقل و حرکت کو ٹریک کرتا ہے۔ ایلون مسک کے مطابق جو اکائونٹ رئیل ٹائم لوکیشن تفصیلات شیئر کرے گا اسے معطل کردیا جائے گا کیونکہ یہ سکیورٹی کے لیے خطرہ ہے۔