• پنجاب کے میدانی علاقوں پر دھند ، موٹرویز ٹریفک کیلئے بند،پروازیں منسوخ
  • حد نگا کم ہونے کے باعث قومی شاہراہوں پرٹریفک معطل رہی، شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں، ترجمان موٹروے پولیس
  • آئندہ چند روز کے دوران میدانی علاقوں میں شدید دھند کا سلسلہ جاری رہنے کی پیشگوئی

لاہور / کوئٹہ  (ویب نیوز)

پنجاب کے میدانی علاقوں میں گہری دھند چھائی رہی ، متعدد مقامات پر موٹرویز ٹریفک کیلئے بند رہیں،پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق موٹر وے ایم1اسلام آباد ٹول پلازہ تا مین پشاور ٹول پلازہ تک شدیددھند کے سبب بند کردیاگیا،جڑانوالہ سے درخانہ تک موٹروے ایم 3، موٹروے ایم 4فیصل آباد سے عبدالحکیم اور موٹروے ایم 5کو شیر شاہ سے ترنڈہ محمد پناہ تک ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا،حد نگا کم ہونے کے باعث قومی شاہراہوں پرٹریفک معطل رہی،پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ترجمان موٹروے پولیس سید عمران احمد نے کہا کہ موٹرویز کو عوام کی حفاظت اور محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لئے بند کیا جاتا ہے، روڈ یوزرز آگے اور پیچھے دھند والی لائٹس کا استعمال کریں، شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں، تیز رفتاری سے پرہیز کریں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں۔سید عمران احمد نے مزید کہا کہ شہری معلومات اور مدد کے لئے ہیلپ لائن 130سے رابطہ کریں، موٹروے پولیس ہم سفر ایپ سے بھی معلومات لی جا سکتی ہیں۔محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز کے دوران ملک کے میدانی علاقوں میں شدید دھند کا سلسلہ جاری رہنے کی پیشگوئی کر دی  ۔

 

  • سائبیرین ہوائیں چلنے سے بلوچستان اور سندھ میں سردی کی شدت بڑھ گئی
  •   اتوار سے بارش اور برفباری برسانے والاسلسلہ مغربی سسٹم شمالی بلوچستان میں داخل ہونے کی پیش گوئی

سائبیرین ہوائیں چلنے سے شمالی بلوچستان اور سندھ میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔آج ( اتوار سے) بارش اور برفباری برسانے والے مغربی سسٹم شمالی بلوچستان میں داخل ہونے کی پیش گوئی کی گئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق وادی زیارت میں درجہ حرارت منفی 10 تک پہنچ گیا جبکہ کراچی میں بھی سردی بڑھ گئی، بلوچستان کے علاقے خان مہترزئی، توبہ اچکزئی، خانوزئی میں درجہ حرارت منفی 9 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات نے آج ( اتوار سے) بارش اور برفباری برسانے والے مغربی سسٹم شمالی بلوچستان میں داخل ہونے کی پیش گوئی کرتے ہوئے شمالی علاقہ جات اور بلوچستان میں شدید سردی کی وارننگ جاری کر دی ہے۔