اسلام آباد،لاہور،کراچی (ویب نیوز)

ملک کے مختلف شہروں میں گیس کا بحران مزید سنگین ہوگیا جس کے باعث کمرشل اور گھریلو صارفین کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ایل پی جی اور لکڑیوں کی قیمت میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔ گیس کی عدم دستیابی شہریوں کے لیے وبال جان بن گئی ہے ایل پی جی لکڑی اور کوئلہ کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کرنے لگی ہیں۔ گیس بند ہونے کے بعد لکڑیوں اور گیس سلنڈر کی قیمتیں آسمان پر چلی گئی ہیں اورشہری لائنوں میں لگ کر سلنڈر بھروانے پر مجبور ہوگئے جبکہ لکڑیوں کی قیمت 1400روپے من سے بڑھ کر 1600روپے ہوگیاتاہم دوسری جانب پکوان سینٹر بھی گیس کی عدم فراہمی سے شدید مشکلات کا شکار ہیں کھانے کے آرڈرز منسوخ ہونے لگے ہیں جس کے باعث یومیہ بنیاد پر کمانے والے بھی سخت پریشانی کا شکار ہیں۔ شہری گیس بلوں سے پریشان ہوگئے ، اس وقت8سے10 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی جبکہ دوسری طرف گیس کے بلز آنے سے شہری پریشان ہیں جبکہ لکڑیوں اور کوئلے کی قیمتوں میں بھی بے جا اضافہ کردیا گیا ۔ شہریوں نے کہا کہ پچھلے دوماہ سے لکڑیوں اور کوئلے کی قیمت میں مسلسل اضافہ ہورہا، پہلے لکڑیاں 500روپے من تھی اب 800روپے فی من فروخت کی جارہی ہیں جبکہ کوئلہ 2400روپے من سے 3200روپے من تک فروخت کیا جارہا ہے۔ملک بھر میں کوئٹہ سمیت سرد علاقوں میں بھی گیس کی بندش کے باعث نظامِ زندگی بری طرح متاثر ہوا ہے، گھروں میں چولہا ، گیس ہیٹر اور گیزر چلانا مشکل ہوگیا ہے، دکانوں اور ہوٹلوں کا کاروبار بھی ٹھپ ہونے لگا جبکہ مہنگی ایل پی جی کے استعمال سے اشیا کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوگیا ۔ گیس نایاب ہونے کی وجہ سے عوام بازار سے مہنگا کھانا خریدنے پر مجبور ہوگئے، کراچی میں بھی گیس پریشر میں کمی نے عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے۔ لکڑیوں کی حالیہ بڑھتی قیمت عوام پر مزید بوجھ بن گئی۔