اسلام آباد (ویب نیوز)

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وفاقی ہسپتال کے 37 ملازمین کو کورونا ہیلتھ رسک الائونس دینے کے حکم کی توثیق کرتے ہوئے رسک الائونس دینے کے لیے تازہ سمری پی ایم سیکرٹریٹ بھیجنے کا حکم برقرار رکھا ہے۔ بدھ کو ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت نے وفاقی محتسب کے حکم کے خلاف وزارت قومی صحت خدمات کی اپیل مسترد کردی۔  نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ری ہیبلی ٹیشن میڈیسن (نِرم) اور فیڈرل گورنمنٹ سروسز ہسپتال کے 37 ملازمین کو نان کلینیکل قرار دے کر الائونس سے محروم کر دیا گیا تھا، مقبول احمد اور دیگر شکایت کنندگان نے الائونس نہ ملنے پر وفاقی محتسب کو شکایت کی تھی۔ شکایت کنندگان نے موقف تھا کہ مطابق وہ محکموں کے سربراہان کی ہدایت پر خطرے کے باوجود کورونا وائرس کی  وبا میں فرائض انجام دیتے رہے، متعدد ملازمین کو کورونا رسک الائونس ادا کیا گیا جبکہ انہیں نان کلینیکل سٹاف قرار دے کر امتیازی سلوک کیا گیا۔ شکایت کنندگان کے مطابق کلینیکل اور نان کلینیکل ملازمین یکساں طور پر اپنے ہسپتالوں میں ڈیوٹی سرانجام دیتے رہے۔ فیصلہ کے مطابق اگست 2021 میں وزارت نے وفاقی سرکاری ہسپتالوں اداروں کے طبی عملے کو کورونا ہیلتھ رسک الائونس دینے کے لیے فنڈز فراہم کیے، فیڈرل گورنمنٹ پولی کلینک پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ اسلام آباد بھی مستفید ہونے والوں میں سے ایک تھا، 2020 میں تمام ملازمین کو کورونا رسک الائونس دیا گیا جبکہ 2021میں 37 ملازمین کو نان کلینیکل قرار دے کر الائونس سے محروم کردیا گیا۔ فیصلہ میں قرار دیا گیا کہ کلینیکل اور نان کلینیکل عملہ ایک جیسے پرخطر ماحول میں کام کرتا ہے، ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے ایجنسی کے باقی 37 ملازمین کو الائونس دینے کی سفارش کی۔ صدر مملکت نے وزارتِ صحت کی اپیل بدانتظامی ثابت ہونے پر مسترد کردی ہے۔