سردی کی شدت میں اضافہ ، فوگ اور سموگ صحت کیلئے خطرہ

دھند اور سردی نزلہ زکام، فلو، چیسٹ انفیکشن کا باعث ، آلودگی و سردی سے بچنے کیلئے موٹر سائیکل سوار ہیلمٹ اور ماسک ضرور استعمال کریں

سرد موسم میں عارضہ قلب،ہائی بلڈ پریشر جیسے امراض بڑھ جاتے ہیں، دھند میں جوگنگ، ورزش سے اجتناب برتیں: ڈین آئی پی ایچ

لاہور ( ویب  نیوز)

ڈین انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ پروفیسر ڈاکٹر زرفشاں طاہر نے کہا ہے کہ شدید سرد موسم میں دھند (فوگ) میں سموگ کی بھی آمیزش ہونے سے فضائی آلودگی میں اضافہ ہوگیا ہے، ایئر کوالٹی بہت خراب ہونے کی وجہ سے نزلہ، زکام، فلو، چیسٹ انفیکشن اور بخار ، چھوٹے بچوں میں نمونیہ کے کیسز بڑھ رہے ہیں۔ موسمی اثرات سے ضعیف العمر، چھوٹے بچے اور کمزور افراد زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔  ڈاکٹر زرفشاں کا مزید کہنا تھا کہ چھوٹے بچوں اور بڑی عمر کے افراد کا خصوصی خیال رکھا جائے، گرم کپڑوں، گرم مشروبات کا استعمال کریں۔موٹر سائیکل سوار ہیلمٹ  اور فیس ماسک  لازمی پہنیں تاکہ سرد ہواؤں اور دھند میں موجود آلودگی سے محفوظ رہ سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سخت سردی اور دھند میں کھلے میدانوں، گراؤنڈ میں جوگنگ، ورزش، واک سے اجتناب کیا جائے کیونکہ ورزش کرنے سے سانس تیز ہوتا ہے اور دھند میں موجود آلودگی پھیپھڑوں میں جاتی ہے جو respiratory پرابلمز پیدا کر سکتی ہے۔پروفیسر ڈاکٹر زرفشاں طاہر نے بتایا کہ سرد موسم میں امراض قلب، ہائی بلڈ پریشر اور دیگر بیماریاں بڑھ جاتی ہیں کیونکہ سردی میں پانی اور مشروبات کا استمعال کم ہوجاتا ہے جس سے خون گاڑھا اور خون کی نالیاں سکڑ جاتی ہیں جس سے بلڈ سرکولیشن متاثر ہوتا ہے جو بلند فشار خون، ہارٹ اٹیک اور فالج کا سبب بنتا ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ امراض قلب اور بلڈ پریشر کے مریض گرم مشروبات، نیم گرم پانی کا استمعال لازمی جاری رکھیں، ڈرائی فروٹ استمعال کریں، جسم کو گرم رکھنے کیلئے گرم کپڑے، جرابیں، سر پر ٹوپی، مفلر  پہنیں، سردی اور دھند میں بلا ضرورت باہر نہ نکلیں تاکہ موسم کی شدت انکی صحت کیلئے مسائل پیدا نہ کرے۔ ڈاکٹر زرفشاں کا کہنا تھا کہ عوام میں موسم کی شدت اور  بیماریوں سے بچاؤ بارے آگاہی پیدا کر کے شعور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے تاکہ احتیاطی تدابیر پر عمل کر کے لوگ اپنی صحت کی حفاظت کو یقینی بنا  سکیں۔