ضمنی الیکشن نہ لڑنے کا فیصلہ پی ڈی ایم کا ہے، پی پی اس کا حصہ نہیں، فرحت اللہ بابر

عمران خان کا تمام حلقوں سے خود الیکشن لڑنا اپنے امیدواروں پر عدم اعتماد ہے، سیکریٹری جنرل پی پی پی پارلیمنٹیرین

اسلا م آباد( ویب  نیوز)

پی ٹی آئی کی خالی نشستوں پر انتخابات کے معاملے پر پی پی پارلیمنٹیرینز کے سیکریٹری جنرل فرحت اللہ بابر  نے کہاہے کہ الیکشن نہ لڑنے کا فیصلہ پی ڈی ایم کا ہے، پیپلزپارٹی اس اتحاد کا حصہ نہیں، عمران خان کا تمام حلقوں سے خود الیکشن لڑنا اپنے امیدواروں پر عدم اعتماد ہے۔سیکریٹری جنرل پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرین فرحت اللہ بابر نے ایک نجی ٹی وی  خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے استعفوں کے باعث خالی ہونیوالی قومی اسمبلی کی نشستوں پر ضمنی انتخابات نہ لڑنے کا فیصلہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا ہے، پیپلزپارٹی اس اتحاد کا حصہ نہیں، بظاہر پی ڈی ایم کا ضمنی الیکشن میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ بہتر ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان پیپلزپارٹی میں ابھی اس اہم معاملے پر مشاورت ہونا ہے، پیپلز پارٹی اس حوالے سے اپنی پالیسی کا جلد اعلان کریگی۔فرحت اللہ بابر نے پی ٹی آئی چیئرمین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کا تمام حلقوں سے خود الیکشن لڑنا اپنے امیدواروں پر عدم اعتماد ہے، وہ ایسے فیصلوں سے ملک و قوم کے وسائل اور وقت ضائع کررہے ہیں۔پی پی پارلیمنٹیرین کے رہنما نے مزید کہا کہ قومی اسمبلی کے راجن پور سے حلقہ این اے 193 کا ضمنی الیکشن کون لڑے گا اس پر جلد فیصلہ کرلیں گے ۔۔