• پاکستان کو اللہ کے بعد سپریم کورٹ بچا سکتی ہے، صوبے اور مرکز کے الیکشن اکٹھے ہوں گے
  • یہ عمران خان کا مقابلہ نہیں کرسکتے، اگر عمران خان چاہے گا تو 22تاریخ کو پہلی گرفتاری میں دوں گا، لاہور میں میڈیا سے گفتگو

لاہور (ویب نیوز)

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیرِ داخلہ شیخ رشید نے کہاہے کہ صدر عارف علوی  پیر کو الیکشن کی تاریخ دیں یا استعفیٰ دیں، آئینی طور پر صدر مملکت عارف علوی الیکشن کی تاریخ دینے کااختیار رکھتے ہیں۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان کو اللہ کے بعد سپریم کورٹ بچا سکتی ہے، صوبے اور مرکز کے الیکشن اکٹھے ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے کہا میری حکومت نہیں، پھر بتایا جائے کس کی حکومت ہے، مریم نواز کے بیانیے کے ساتھ ان کا شوہر نہیں کھڑا، ان کو 5روپے دینے کیلئے کوئی تیار نہیں، یہ زبردستی ترکی جاتے ہیں، آئی ایم ایف ان سے مطمئن نہیں ، ان کو پتہ ہے یہ چور ہیں، جہاں مرضی لے جا میں تمہاری سیاست کو نیست ونابود کردوں گا۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ خواجہ آصف کی رگوں میں خواجہ صفدر کا خون دوڑ رہا ہے، گزشتہ روز وزیر دفاع نے حساس وقت پر ایک بیان دیا ہے اور اعتراف کیا ہے کہ ملک ڈیفالٹ ہوچکا ہے، ایک گھٹاٹوپ اندھیری اور طوفان بھی آسکتا ہے، قیمتیں بڑھانے پر بھی آئی ایم ایف ان سے مطمئن نہیں، دوسری جانب سے کہا جاتا ہے کہ اسٹیٹ کو ڈیفالٹ کہنے والا غدار ہے۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اگر میں مارا گیا تو زرداری، رانا ثنا، بلاول اور نواز ذمہ دار ہوں گے، بینظیر شہید کے پاس جو فون تھا وہ ابھی تک نہیں ملا، اس فون پر کال آئی تھی کہ باہر نکلو، تحقیق کریں کہ بینظیرکا فون کس کے پاس ہے، بینظیر کو پہلے پشاور میں مارا جانا تھا۔شیخ رشید نے کہا کہ یہ عمران خان کا مقابلہ نہیں کرسکتے، اگر عمران خان چاہے گا تو 22تاریخ کو پہلی گرفتاری میں دوں گا ، ان سے ملاقات کرنے آیا ہوں۔ شیخ رشید نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے ملک کو بحران میں دھکیل کر عزت نہیں کمائی، صوبوں اور مرکز میں انتخابات اکٹھے ہوں گے ، ملکی سیاست کا فیصلہ 30اپریل تک ہوجائے گا، 30اپریل سے پہلے اس ملک میں کوئی بڑا حادثہ ہوگیا تو مجھے ذمہ دار نہ ٹھہرایا جائے، چوروں اور ڈاکوں کے ساتھ نہیں کھڑا ہوا، یہ مجھے کراچی لے جانا چاہتے ہیں، میں ارشد شریف نہیں شیخ رشید ہوں۔ان کا مزید کہنا ہے کہ میرے ساتھ جو کچھ ہوا میں اسے معاف کرتا ہوں، پولیس نے دو کمبل دئیے، آدھا سامان جیل میں چھوڑ آیا ہوں۔سابق وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ میرے فون ان کے پاس ہیں اندازہ ہے کون لوگ ہیں، جن کے پاس فون ہے مجھ سے پاس ورڈ پوچھ لیں۔