آئی جی اسلام آباد پولیس اور ضلعی انتظامیہ کو سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کرنے کی ہدایت

کمرہ عدالت میں جانے کیلئے بھی خصوصی اجازت نامے درکار ہوں گے، فریقین کومنتخب افراد کو ہی لانے کی ہدایت

عمران خان کو اپنے ساتھ وکلا اور پارٹی رہنمائوں سمیت 15افراد کو کمرہ عدالت میں لانے کی اجازت ہو گی

  ایڈووکیٹ جنرل آفس اسلام آباد کو اپنے ہمراہ10وکلا کمرہ عدالت میں لانے کی اجازت ہو گی، سرکلر

اسلام آباد (ویب نیوز)

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اورسابق وزیر اعظم عمران خان کی 8 مقدمات میں منگل کو پیشی کے حوالے سے رجسٹراراسلام آباد ہائی کورٹ نے سرکولر جاری کردیا۔ سرکولر میں آئی جی اسلام آباد پولیس ڈاکٹر اکبر ناصر خان اور اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کو سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔ عمران خان کی دہشت گردی دفعات کے تحت درج آٹھ مقدمات میں درخواست ضمانت پر سماعت دن اڑھائی بجے ہو گی۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میںجسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل دورکنی بینچ عمران خان کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کرے گا۔ سرکولر میں کہا گیا ہے کہ کمرہ عدالت میں جانے کے لئے بھی خصوصی اجازت نامے درکار ہوں گے۔ تمام فریقین کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ منتخب افراد کو ہی کمرہ عدالت میں لے کرآئیں۔عمران خان کو اپنے ساتھ وکلا اور پارٹی رہنمائوں سمیت 15افراد کو کمرہ عدالت میں لانے کی اجازت ہو گی۔صحافیوں اور میڈیا نمائندگان کے لئے 30پاسز جاری کئے جائیں گے۔ ایڈووکیٹ جنرل آفس اسلام آباد کو اپنے ہمراہ10وکلا کمرہ عدالت میں لانے کی اجازت ہو گی۔ رجسٹراراسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے جاری سرکولر تمام فریقین تک پہنچادیا گیا ہے اورخصوصی انتظامات کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔