• مسعود خان نے مہمانوں کی پرجوش شرکت پر شکریہ ادا کیا، وہ 4 گھنٹے تک مہمانوں کے ساتھ رہے

واشنگٹن  (ویب نیوز)

عالمی شہرت یافتہ پاکستانی ٹرک آرٹ، روایتی لباسوں، قیمتی پتھروں اور جواہرات، آرٹ اور فن پاروں، فرنیچر، ہاتھ کے بنے ہوئے قالین اور لذیذ کھانوں کی صورت میں پاکستانی ثقافت پاسپورٹ ڈی سی کے سالانہ ایونٹ کے دوران امریکی و دیگر ملکوں کے شہریوں کے لئے خصوصی توجہ کا باعث بنی۔پاکستانی سفارت خانہ واشنگٹن میں تین ہزار سے زائد آنے والے مہمانوں جن میں امریکی شہری، پاک امریکن کمیونٹی کے اراکین، سفارتی برادری سے تعلق رکھنے والے افراد، حکام، تھنک ٹینک کمیونٹی، غیر سرکاری اداروں کے افراد، میڈیا پرسنز اور مرد، خواتین، بچے اور نوعمر افراد  شامل تھے پاکستانی ثقافت کے رنگوں اور تنوع کو  سراہتے رہے۔ پاسپورٹ ڈی سی تقریب ہر سال مئی میں جو کہ بین الاقوامی ثقافتی آگاہی کا مہینہ ہے میں منعقد کی جاتی ہے، یہ تقریب ایک ماہ جاری رہتی  ہے جس میں سفارتی برادری اپنی تہذیب و ثقافت کو اجاگر کرتی ہے۔ گذشتہ سالوں کی طرح پاکستانی سفارت خانہ واشنگٹن میں یہ تقریب اپنے مقررہ وقت سے پہلے ہی شروع ہو گئی اور شام چار بجے تک جاری رہی اس دوران مہمانوں کی مسلسل آمد اور پرجوش شرکت جاری رہی ۔نمائش کے لئے سفارت خانے کا مختص حصہ جس میں گرائونڈ فلور اور جمشید مارکر ہال شام تھے مہمانوں سے کھچا کھچ بھرا رہا ،پاکستانی موسیقی کے بیک ڈراپ میں مختلف سٹالز دیکھنے والوں کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔ان سٹالز میں روایتی اور غیر روایتی سلے اور ان سلے ڈیزائنر کپڑے اور دولہا دلہن کے ملبوسات، جواہرات اور زیورات، ہاتھ سے بنی قالین اور چٹائیاں، چنیوٹی فرنیچر، فن پارے اور پینٹنگز، موسیقی کے آلات، جوتے (پشاوری چپل)اور مختلف مصالحہ جات کے سٹال شامل تھے۔ پاکستانی کھانوں کے منفرد ذائقے  فضا کو معطر کرتے رہے۔ روایتی مصنوعات کے ساتھ ساتھ پاکستان میں تیزی سے ترقی کرتے ہوئے  آئی ٹی سیکٹر ، جو دنیا بھر میں پھیلتے کاروباروں کو جدید ڈیجیٹل آئی ٹی حل فراہم کرنے میں ملک کے نوجوانوں کی بے پناہ صلاحیت کی عکاسی کرتا ہے، کی نمائش کے لیے بھی سٹال موجود تھا۔ مہندی کے سٹال پرغیر ملکی خواتین کی طویل  قطاریں ان کے شوق اور دلچسپی کی عکاسی کر رہی تھیں۔فوڈ ٹیسٹ کارنر اور ٹی سٹال  اپنی مسحور کن مہک کے ساتھ واشنگٹن ڈی سی، ورجینیا، میری لینڈ اور ملحقہ ریاستوں کے باشندوں کو اپنی طرف متوجہ کرتے رہے۔ٹرک آرٹ سے سجایا ہوا رکشہ اور اسکوٹر ‘سیلفیوں’ اور  سٹوریز کا مرکز بنا رہا۔سفیر پاکستان مسعود خان نے مہمانوں کی پرجوش شرکت پر شکریہ ادا کیا۔ وہ 4 گھنٹے  تک مہمانوں  کے ساتھ رہے اور مختلف سٹالوں کا دورہ کرتے رہے اور مہمانوں کو پاکستانی ثقافت اور خصوصیات سے متعارف کراتے رہے۔ اسی طرح سفیرپاکستان کی اہلیہ اور سفارتخانے کے افسران بھی مہمانوں کے استقبال اور انہیں پاکستانی فن و ثقافت سے روشناس کرانے میں شریک رہے۔مہمانوں نے اپنی بات چیت کے دوران سفیر پاکستان اور سفارت خانہ پاکستان کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے سفارت خانے کے دروازے کھولے اور انہیں پاکستان کے بھرپور ثقافتی تنوع اور صلاحیتوں  سے آشناس ہونے کا موقع فراہم کیا۔ اسے ایک ‘شاندار تجربہ’ قرار دیتے ہوئے مہمانوں نے کہا  کہ پاکستان کی دلکش ثقافتی خوبصورتی نے ان میں ملک کا دورہ کرنے  کی خواہش کو مزید پختہ کیا ہے۔