• شمالی بلوچستان، ایف سی کمپاؤنڈ میں کلیئرنس آپریشن مکمل، 6دہشت گرد ہلاک، 6 جوان اور ایک شہری شہید
  • کلیئرنس آپریشن گزشتہ شام شروع کیا گیا تھا، دہشت گردوں نے اپنے خوفناک عزائم کیلئے بچوں کو بھی نہیں بخشا
  • دہشت گردوں کے رابطوں، سہولت کاروں کو گرفتار کرنے کیلئے انٹیلی جنس فالو اپ جاری رہے گا، آئی ایس پی آر

راولپنڈی (ویب نیوز)

پاک فوج نے شمالی بلوچستان کے علاقے مسلم باغ میں ایف سی کمپاؤنڈ میں تخریب کاروں کیخلاف کلیئرنس آپریشن مکمل کرلیا، فائرنگ کے تبادلے میں کمپاؤنڈ پر حملہ کرنے والے تمام 6 دہشت گرد مارے گئے جبکہ 6 اہلکار اور ایک شہری شہید ہوگیا۔آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ شمالی بلوچستان کے علاقے مسلم باغ میں تخریب کاروں کیخلاف گزشتہ روز سے جاری کلیئرنس آپریشن مکمل کرلیا گیا، فائرنگ کے تبادلے میں تمام 6دہشت گرد مارے گئے۔ترجمان پاک فوج کے مطابق کلیئرنس آپریشن کے دوران 6 جوان اور ایک شہری شہید ہوگیا جبکہ خاتون سمیت 6افراد زخمی بھی ہوئے۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پیچیدہ کلیئرنس آپریشن کا مقصد یرغمالیوں کی رہائی تھا، کلیئرنس آپریشن کے دوران ایک رہائشی عمارت سے تین خاندانوں کو بچانا بھی شامل تھا۔کلیئرنس آپریشن گزشتہ شام شروع کیا گیا تھا، دہشت گردوں نے اپنے خوفناک عزائم کیلئے بچوں کو بھی نہیں بخشا۔ترجمان پاک فوج کے مطابق دہشت گردوں کے رابطوں، سہولت کاروں کو گرفتار کرنے کیلئے انٹیلی جنس فالو اپ جاری رہے گا، سیکیورٹی فورسز امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔