عمران خان شہبازشریف کی ٹویٹر پر لفظی جنگ

اِدھر ادھر کی من گھڑت باتیں چھوڑیں شامل تفتیش ہوں، وزیراعظم کا عمران خان کو مشورہ

اب لندن پلان تو کھل کر سامنے آچکا ہے، میں قید میں تھا تو تشدد کی آڑ میں یہ خود ہی جج، جیوری اور جلاد بن بیٹھے ہیں۔عمران خان

اسلا م آباد( ویب  نیوز)

وزیراعظم شہبازشریف نے عمران خان کے ٹویٹ پرردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اِدھر ادھر کی من گھڑت باتیں چھوڑیں، شامل تفتیش ہوں اوراپنی کرپشن کاحساب دیں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ اب لندن پلان تو کھل کر سامنے آچکا ہے، میں قید میں تھا تو تشدد کی آڑ میں یہ خود ہی جج، جیوری اور جلاد بن بیٹھے ہیں۔عمران خان نے الزام عائد کیا کہ منصوبہ اب یہ ہے کہ بشری بیگم کو زندان میں ڈال کر مجھے اذیت پہنچائیں اور بغاوت کے کسی قانون کی آڑ لے کر مجھے آئندہ دس برس کیلئے قید کردیں۔ اس کے بعد تحریک انصاف کی بچی کھچی قیادت اور کارکنان کو بھی پوری طرح جکڑ لیں گے۔ اور آخر میں پاکستان کی سب سے بڑی اور وفاقی جماعت پر پابندی لگا دیں گے۔(جیسے انہوں نے مشرقی پاکستان میں عوامی لیگ پر لگائی) چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ عوامی ردعمل روکنے کے لئے حکومت نے دو کام کئے، پہلا تحریک انصاف کے کارکنان کے علاوہ عوام کے دلوں میں خوف بٹھانا اور دوسرا میڈیا پر پوری طرح قابو پایا جا چکا ہے اور بزورِ جبر اس کی آواز دبائی جاچکی ہے، کل پھر یہ انٹرنیٹ سروسز معطل کردیں گے اور سوشل میڈیا، جو پہلے ہی جزوی طور پر چل رہا ہے کو پوری طرح بند کردیں گے۔عمران خان کی طویل ٹویٹ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم نے بھی ری ٹویٹ کیا ہے اور کہا ہے کہ اِدھر ادھر کی من گھڑت باتیں چھوڑیں، اور شامل تفتیش ہوں اوراپنی کرپشن کاحساب دیں، بات ختم ۔۔۔