• کوئٹہ میں وکیل کا قتل قابل مذمت،قاتلوں کو گرفتار کیا جائے،میڈیا سے گفتگو

اسلام آباد  (ویب نیوز)

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما لطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ  آئین کے منافی کام آئین توڑنے کے مترادف ہوگا۔ میڈیا سے گفتگو میں عبدالزاق شر کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے لطیف کھوسہ نے کہا کہ کوئٹہ میں وکیل کا قتل قابل مذمت ہے، وہ ہمارا ساتھی تھا، ان کے قاتلوں کو گرفتار کیا جائے، مجھے لوگوں نے فون کر کے بتایا عبدالزاق شر کی ذاتی دشمنی تھی لیکن ایک شخص جو خود کو وزیراعظم کا ترجمان کہتا ہے اس نے بغیر تحقیق کسی پر قتل کا الزام لگا دیا۔پنجاب اور خیبرپختونخوا میں الیکشن کے حوالے سے لطیف کھوسہ نے کہا کہ آئین کا تقاضا ہے اسمبلیاں تحلیل ہوں تو انتخابات 90 روز میں ہوں گے، دونوں نگرا ن حکومتوں کا 90 دن بعد کوئی آئینی جواز نہیں۔انہوں نے کہا کہ آئین کے منافی کام آئین توڑنے کے مترادف ہوگا، 9 مئی کے واقعات کے بعد پاکستان اس وقت سرزمین بے آئین ہے، یہ ضیا ء دور کی حکومت چل رہی ہے جن انتخابات سے بھاگنے کی کوشش ہے۔لطیف کھوسہ نے کہا کہ ایک پارٹی کے ہاتھ پائوں باندھ دیئے گئے لیکن اکتوبر یا نومبر میں انہیں لازمی الیکشن کرانا پڑیں گے اور انتخابات کرانے کا کام الیکشن کمیشن کا ہے۔