کراچی:دینی مدارس کے نظام سے ناواقف لوگ پروپیگنڈے کا شکار ہوتے ہیں۔شیخ الاسلام مولانا مفتی محمد تقی عثمانی

وفاق المدارس کا امتحانی نظام مثالی ہے جو شفافیت اور خود احتسابی پر مبنی ہے ۔ اسپیکر قومی اسمبلی کی درخواست پر وقف املاک بل بنا کر دے دیا ہے

امتحانی پرچوں کی مارکنگ کے عمل کے معائنہ کیلئے آنے والی معروف تعلیمی شخصیات اور صحافیوں سے منعقدہ خصوصی نشست میں بات چیت

کراچی(ویب  نیوز)شیخ الاسلام مولانا مفتی محمد تقی عثمانی نے کہا ہے کہ دینی مدارس کے نظام سے ناواقف لوگ پروپیگنڈے کا شکار ہوتے ہیں، وفاق المدارس کا امتحانی نظام مثالی ہے جو شفافیت اور خود احتسابی پر مبنی ہے ۔ اسپیکر قومی اسمبلی کی درخواست پر وقف املاک بل بنا کر دے دیا ہے، انتظار ہے حکومت کب اپنا وعدہ پورا کرتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو جامعہ دارالعلوم کراچی میں وفاق المدارس العربیہ کے امتحانی پرچوں کی مارکنگ کے عمل کے معائنہ کیلئے آنے والی معروف تعلیمی شخصیات اور صحافیوں سے منعقدہ خصوصی نشست میں بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر این ای ڈی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی، وفاق المدارس کے امتحانی کمیٹی کے رکن مولانا راحت علی ہاشمی ، وفاق المدارس کے میڈیا کوآرڈینیٹر مولانا طلحہ رحمانی و دیگر بھی موجود تھے ۔  انہوں نے مزید کہا کہ دینی مدارس کے نظام تعلیم کے بارے میں کچھ لوگوں بغیر دیکھے اور سمجھے رائے دیتے ہیں، ہم ان سے کہتے ہیں کہ آپ آئے اور مدارس کے نظام کو دیکھیں اور اس کے بعد کوئی رائے قائم کریں،اور دیانت کا تقاضا بھی یہی ہے کہ اگر کوئی قابل اصلاح بات ہو تو مدارس کے ذمہ دارانہ کو آگاہ کیا جائے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک تاثر یہ دیا جاتا ہے کہ شاید دینی مدارس میں سرسری سی تعلیم دی جاتی ہے حالانکہ یہ ناواقفیت کے بنیاد پر قائم رائے ہے ، الحمدللہ دینی مدارس جہاں علوم دینیہ کی مکمل تعلیم دی جاتی ہے اس کے ساتھ ساتھ علوم عصریہ کا بھی مکمل انتظام ہے اور بڑے جامعات میں فقہ وحدیث سمیت اہم علمی عنوانات پہ اسپیشلائزیشن بھی کروایا جارہا ہے۔ این ای ڈی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی نے کہا کہ اس سے قبل میں نے وفاق المدارس کے امتحانی سینٹرز کا دورہ بھی کیا تھا اور آج پرچوں کی مارکنگ کا عمل دیکھ کر بہت خوشی ہوئی، گزشتہ سال عالمی سطح پر کورونا وبا کی صورت حال میں وفاق المدارس العربیہ نے امتحانات مثالی انداز میں منعقد کروائے، وفاق المدارس کے امتحانی نظام سے بہت متاثر ہوا ہوں، بلاشبہ وفاق المدارس کا نظام دیگر تعلیمی اداروں کو بھی اپنانے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر وفاق المدارس کے میڈیا کوآرڈینیٹر مولانا طلحہ رحمانی نے معائنہ کیلئے آنے والی تعلیمی شخصیات اور میڈیا کے نمائندوں کو وفاق المدارس العربیہ کے امتحانات کے بعد نتائج کی تیاری کیلئے دوسرے مرحلے پرچوں کی مارکنگ پر تفصیلی بریفنگ دی، ان کا کہنا تھا کہ اس وقت لاکھوں پرچوں کی مارکنگ کا عمل دس روز تک جاری رہے گا۔نتائج کی تیاری کیلئے مرکزی دفتر کی ٹیم اور اراکین امتحانی کمیٹی اس پورے عمل کی ھمہ وقت نگرانی کرتے ہیں اور پہلی بار وفاق المدارس کی تاریخ میں چاروں صوبوں میں بیک وقت  پرچوں کی مارکنگ کا عمل جاری ہے۔اس موقع پہ امتحانی کمیٹی کے رکن مولانا راحت علی ھاشمی نے کہا کہ وفاق المدارس کے نظام امتحان کا تقابل دنیا کے کسی بھی تعلیمی ادارے اور بورڈ سے کیا جا سکتا ہے، دینی مدارس کا نظام شفافیت اور خود احتسابی پر مبنی ہے۔