اسلام آباد (ویب ڈیسک)

قومی احتساب بیورو نے سابق مئیر اسلام آباد شیخ انصر عزیز کے خلاف 50 ارب روپے کی مبینہ کرپشن پر ڈائریکٹوریٹ آف میونسپل ایڈمنسٹریشن کا تمام ریکارڈ قبضے میں لے لیا۔ ٹیکس جمع کرنے میں بدعنوانی پر نیب نے سابق مئیر اسلام آباد انصر عزیز کو طلب کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

نیب کو موصول شکایت کے مطابق بطور میئر اسلام آباد انصر عزیز نے میٹرو پولیٹن کارپوریشن کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا، 2019ء میں مویشی منڈی کی نیلامی رکوائی، جس سے میٹرو پولیٹن کارپوریشن کو 9 کروڑ روپے کا نقصان ہوا، ایم سی آئی افسران غلام حفیظ اور ہاشم خان نے ٹیکس ریکوری نہیں کی اور ٹیکس ریکارڈ کی فائلیں بھی غائب کر دیں۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ موبائل کمپنیز نے میٹروپولیٹن کارپوریشن کی زمین پر نصب ٹاورز کے ٹیکس کئی سال سے ادا نہیں کیے، کئی غیر قانونی ٹاورز نصب کر کے سرکار کو سالانہ اربوں روپے کا نقصان پہنچایا۔