راولپنڈی : (ویب ڈیسک) نئی تاریخ رقم، پاکستان نے جنوبی افریقہ کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں 95 رنز سے شکست دے کر کلین سویپ کرلیا۔ پاکستان کے 370 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کی ٹیم 274 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
ایڈم مارکرم اور ڈمبا باوما نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے 106 رنز کی شراکت قائم کی۔ مارکرم نے شاندار سنچری سکور کی تاہم حسن علی نے مارکرم کو 108 رنز پر پویلین بھیج دیا اور اگلے ہی گیند پر کپتان کوئنٹن ڈی کاک کو بھی آؤٹ کر دیا۔ ٹمبا باوما کی مزاحمت 61 رنز پر دم توڑ گئی۔
ویان ملڈر 20 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، ڈین ایلگر نے 17 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ کیشو مہاراج اور کگیسو رباڈا کھاتہ کھولے بغیر آؤٹ ہوئے۔ قومی ٹیم کی جانب سے حسن علی نے 5، شاہین آفریدی نے 4 اور یاسر شاہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔
دوسری اننگز میں وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی پہلی سنچری مکمل کی۔ اس دوران نعمان علی نے ان کا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے 97 رنز کی شراکت قائم کی۔ نعمان 45 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ محمد رضوان 115 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، ان کی اننگز میں 15 چوکے شامل تھے۔
قومی ٹیم کی جانب سے جنوبی افریقا کے خلاف اوپننگ کرنے والے بلے باز دوسری اننگز میں بھی ناکام ثابت ہوئے۔ عمران بٹ 0، عابد علی 13، بابر اعظم 8، اظہر علی 33، فواد عالم 12، فہیم اشرف 29، یاسر شاہ 23، حسن علی 5 اور شاہین آفریدی 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ لیفٹ آرم اسپنر جارج لنڈے نے 5 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ کیشو مہاراج نے 3 اور کگیسو رباڈا نے 2 وکٹیں حاصل کی۔
اس سے قبل جنوبی افریقا کے کپتان کوئنٹن ڈی کاک پہلی اننگز میں 29 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ویان ملڈر 33، جورج لنڈے 21 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ ڈین ایلگر 15، وان ڈیر ڈاسن کو کھاتہ کھولے بغیر بولڈ ہوگئے۔ فاف ڈپلسی 17 رنز بنانے کے بعد فہیم اشرف کا شکار بنے، ایڈن مارکرم 32 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ ٹمبا باوما 44 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ قومی ٹیم کی جانب سے حسن علی نے 5، نعمان علی، فہیم اشرف اور شاہین آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
قومی ٹیم پہلی اننگز میں ٹاپ آرڈر کی ناکامی کے بعد فہیم اشرف، کپتان بابراعظم اور فواد عالم کی ذمہ دارنہ بیٹنگ کی بدولت 272 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔ بابراعظم 77 اور فواد عالم 45 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ فہیم اشرف 78 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ عمران بٹ 15، عابد علی 6، اظہر علی 0، محمد رضوان 18 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ حسن علی، یاسر شاہ اور نعمان علی نے 8، 8 رنز سکور کیے۔ جنوبی افریقا کی جانب سے انرج نورجی نے 5 اور کیشومہاراج نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔