اسلام آباد(ویب نیوز ) حاجی غلام علی نائب صدر سارک چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری نے کہا ہے کہ کرونا وائر س کے باعث جہاں دنیا متاثر ہوئی وہیں پاکستان اور سارک ممالک کے مابین باہمی تعلقات’ دوستی ، تجارت بھی متاثر ہوئیں۔ سارک ممالک کے مابین باہمی تعاون ، تجارت کے فروغ اور دوستی کو مضبوط بنانے کیلئے بزنس کمیونٹی کو کافی محنت کی ضرورت ہے ۔پاکستا ن کے دارالخلافہ اسلام آباد میں سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ہیڈ کوارٹر کی تعمیر پاکستان اور بزنس کمیونٹی کیلئے بڑا اعزاز اور سارک ممالک کی دوستی کا شاہکار ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ایف پی سی سی آئی کے کیپٹل آفس اسلام آباد کے کانفرنس روم میں منعقدہ سارک چیمبر آف کامرس اینڈا نڈسٹری کے ایک اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں کنور قطب الدین سابق ایگزیکٹیو ممبر، ذوالفقار علی بٹ سیکرٹری جنرل سمیت ایگزیکٹیو ممبران نے شرکت کی ۔ اجلاس کے دوران سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ہیڈ کوارٹر کی بلڈنگ کے کنسٹلٹنٹ بریگیڈئیر احسن یوسف نے بلڈنگ کی تعمیر ، لاگت ، تکمیل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ سارک چیمبر ہیڈکوارٹر کی بلڈنگ کی تعمیر 2009میں شروع ہوئی جو اب تقریباً تکمیل کے آخری مراحل میں ہے ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدر سارک چیمبر حاجی غلام علی نے کہا کہ پاکستان کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا ایک ہیڈکوارٹر پاکستان کے دارالخلافہ اسلام آباد میں قائم کردیا ہے جس کی بلڈنگ کی تعمیر جلد مکمل ہوجائیگی جو سارک ممالک کی دوستی کا ایک شاہکار اور پاکستان کیلئے بڑا اعزاز ہے ۔ پاکستان کی بزنس کمیونٹی کو اس پر فخر ہے ۔انہوں نے کہا کہ بلڈنگ کی تکمیل کیلئے مزید فنڈ کی ضرورت ہے جس کیلئے وزارت تجارت کی قائم کردہ کمیٹی کا اجلاس بھی آج ہوا ہے اور ہمیں توقع ہے کہ حکومت پاکستان جس کا وژن پوری دنیا سمیت سارک ممالک کے مابین اچھی دوستی، بہتری تعلقات، ثقافت، باہمی تجارت، سیاحت کے فروغ ہے سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ہیڈ کوارٹر کی بلڈنگ کی تکمیل اور سارک ممالک کے ساتھ دوستی کو مضبوط کرنے کیلئے اپنا بھر پور تعاون جاری رکھے گی ۔ سینیٹر حاجی غلام علی نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان اور پاکستان کی بزنس کمیونٹی کی ہمیشہ سے خواہش ہے کہ سارک ممالک کیساتھ روابط اور تعلقات کے فروغ کیلئے باہمی کوششیں کی جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ کرونا کی وباء نے جہاں پوری دنیا کو متاثر کیا وہیں پاکستان اور سارک ممالک کے درمیان بھی خلاء پیدا ہوا ۔ بزنس کمیونٹی کو اس خلا کو پر کرنے کیلئے کافی محنت کی ضرورت ہوگی ۔ سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر افتخار علی ملک ، نائب صدر حاجی غلام علی اور ایگزیکٹیو ممبران نے سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ہیڈکوارٹر کی بلڈنگ کی تعمیر میں بڑا حصہ دینے پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم توقع کرتے ہیں کہ حکومت پاکستان سارک ممالک کیساتھ دوستی کو مضبوط تر بنانے اور تجارت کے فروغ کیلئے بزنس کمیونٹی کی سرپرستی کرتے ہوئے اپنا تعاون جاری رکھے گی ۔