پاکستان اور فلسطین کے مابین باہمی تجارت کو فروغ دینے کی عمدہ صلاحیت موجود ہے۔ احمد امین رابعی
فلسطین کو خطے کی ایک مضبوط معیشت کے طور پر ابھرتا ہوا دیکھنا چاہیے ہیں۔ سردار یاسر الیاس خان
اسلام آباد:( ویب نیوز ) پاکستان میں تعینات فلسطین کے سفیر احمد امین رابعی نے کہا کہ پاکستان اور فلسطین باہمی تجارتی تعلقات کو مزید بہتر کرنے پر توجہ دیں کیونکہ دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تجارت کو فروغ دینے کی عمدہ صلاحیت موجود ہے اور اس سے دونوں کے عوام کے لئے ترقی و خوشحالی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیمبر کے دورہ کے موقع پر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان سے ملاقات میں کیا۔ چیمبر کی سینئر نائب صدر فاطمہ عظیم، نائب صدر عبد الرحمن خان، فلسطینی سفیر کی مشیر محترمہ آیا عرفات بھی اس موقع پر موجود تھے۔
احمد امین رابعی نے کہا پاکستان اور فلسطین کو چاہیے کہ وہ اپنے نجی شعبوں کے مابین مضبوط کاروباری روابط کو فروغ دیں جس سے تجارتی و اقتصادی تعلقات کو بہتر تقویت ملے گی۔ انہوں نے کہا دونوں ممالک کو چاہیے کہ اپنے موجودہ اچھے سیاسی تعلقات سے فائدہ اٹھا کر معیشت، زراعت، بینکنگ، صحت، تعلیم، سماجی اور ثقافتی شعبوں میں بھی باہمی تعلقات کو مضبوط کریں۔ انہوں نے غزہ پر اسرائیلی حملے کے دوران فلسطین کی بھر پور حمایت کرنے پر حکومت پاکستان اور عوام کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس سے فلسطینی عوام کی کافی حوصلہ افزائی ہوئی۔ انہوں نے اسرائیل کی حالیہ جارحیت سے متاثرہ فلسطینی عوام کے لئے خطیر رقم عطیہ کرنے پر آئی سی سی آئی کے ممبران کا بھی شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر اپنے خیالات کااظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ پاکستانی قوم فلسطین کے لئے خصوصی جذبات رکھتی ہے اور ہم فلسطین کو خطے کی ایک مضبوط معیشت کے طور پر ابھرتا ہوا دیکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی پہلے ہی فلسطین بزنس ایسوسی ایشن (پی بی اے) کے ساتھ رابطے میں ہے تاکہ پاکستان اور فلسطین کے نجی شعبوں کے مابین براہ راست روابط کو فروغ دیا جائے تا کہ دونوں ممالک کے مابین تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مستحکم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی اور پی بی اے باہمی تجارتی وفود کا تبادلہ بڑھانے کے لئے مشترکہ طور پر کام کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں تاکہ پاکستان اور فلسطین کے مابین دوطرفہ تجارت، کاروباری شراکتوں اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کی نئی راہیں تلاش کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی اور پی بی اے پاکستان اور فلسطین کی تاجر برادری کو ایک دوسرے کے ملک میں منعقد ہونے والے تجارتی میلوں اور نمائشوں میں شرکت کرنے پر آمادہ کرنے کی کوشش کریں گے جس سے دونوں کے تجارتی تعلقات مزید بہتر ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی اور پی بی اے دونوں ممالک کی کاروباری برادری کے لئے کانفرنسیں اور سیمینار منعقد کرنے کی کوشش کریں گے اور دلچسپی کے شعبوں میں بزنس پارٹرنرشپ قائم کرنے کی حوصلہ افزائی کریں گے۔ دونوں نے اس موقع پر پاکستان اور فلسطین کے مابین تجارتی اور اقتصادی تعاون کو مستحکم کرنے کے لئے مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔
چیمبر کی سینئر نائب صدر فاطمہ عظیم اور نائب صدر عبد الرحمن خان نے بھی پاکستان اور فلسطین کے مابین دوطرفہ تجارتی اور معاشی تعلقات کو مزید بہتر کرنے کی ضرورت پر زور دیا کیونکہ دونوں ممالک متعدد شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرنے کی اچھی صلاحیت رکھتے ہیں۔