اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد کا فلسطین سفارتخانے کا دورہ
عالمی برادری مسئلہ فلسطین کے پائیدار حل کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ سردار یاسر الیاس خان
فلسطین کے ساتھ اظہار یکجہتی پر پاکستانی قوم اور حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ احمد ربیع
اسلام آباد ( ) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر سردار یاسر الیاس خان کی قیادت میں چیمبر کے عہدیداران اور ایگزیکٹو بورڈ ممبران کے ایک وفدنے فلسطین سفارت خانے کا دورہ کیا اور سفیر احمد ربیع کے ساتھ ملاقات کے دوران غزہ پر حالیہ اسرائیلی جارحیت کی پرزور مذمت کی اور تاجر برادری کی طرف سے فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ وفد میں فاطمہ عظیم سینئر نائب صدر آئی سی سی آئی اور ایگزیکٹو ممبران بشمول جاوید اقبال، عمر حسین، شکیل منیر، حافظ بلال منیر، نعیم الرحمن پراچہ، محمد شاکر، اویس خٹک، شوکت حیات، علی اکرم خان اور دیگر شامل تھے۔
سردار یاسر الیاس خان نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کی مقدس سرزمین سے پاکستانی قوم کے گہرے جذبات وابستہ ہیں اور ہم بحیثیت مجموعی غزہ میں معصوم فلسطینی عوام پر اسرائیلی جارحیت کی پرزور مذمت کرتے ہیں اور اس مشکل گھڑی میں فلسطین کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے پرزور مطالبہ کیا کہ عالمی برادری مسئلہ فلسطین کے پائیدار حل کیلئے اپنا کردار اد اکرے تا کہ خطے میں مستقل امن قائم ہو اور عوام کی مشکلات دور ہوں۔ انہوں نے چیمبر کے عہدیداران اور ایگزیکٹو بورڈ ممبران کی طرف سے فلسطینی عوام کی مدد کیلئے ساڑھے چار لاکھ روپے کا ایک چیک فلسطین کے سفیر کو پیش کیا اور کہا کہ آئی سی سی آئی اسرائیلی جارحیت سے متاثرہ فلسطینی عوام کے لئے تاجر برادری سے مزید فنڈز اکٹھا کرنے کے لئے کوششیں کرے گا۔ انہوں نے فلسطین کے سفیر سے پاکستان اور فلسطین کے مابین تجارتی اور معاشی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا جس سے دونوں ممالک کے عوام کے لئے فائدہ مند نتائج برآمد ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی پہلے ہی دونوں ممالک کے فارماسوٹیکل، چاول اور انفارمیشن ٹیکنالوجی شعبوں کی تاجر برادری کا باہمی رابطہ کرا چکا ہے جبکہ اس سال جولائی یا اگست میں آئی سی سی آئی عرب ممالک سمیت فلطین کے ایک تجارتی وفد کی میزبانی کرے گا اور ان کو جوائنٹ وینچرز و بزنس پارٹنرشپ قائم کرنے کیلئے پاکستانی ہم منصبوں کے ساتھ ملائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نجی شعبے کیلئے فلسطین میں آرکی ٹیکچر اور کنسٹریکشن شعبے میں بھی کنسلٹنگ سروسز کاروبار کے وسیع مواقع موجود ہیں جن سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کی جائے گی۔
فاطمہ عظیم سینئر نائب صدر آئی سی سی آئی اور وفد کے دیگر ارکان نے بھی فلسطین کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ تاجر برادری سمیت پاکستانی قوم فلسطین کی آزاد اور خودمختار ریاست کے لئے ہمیشہ اپنی آواز بلند کرتی رہے گی۔
فلسطین کے سفیر احمد ربیع نے اپنے خطاب میں فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے اور ان کی امداد کے لئے چیک پیش کرنے پراسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ایک آزاد و خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کیلئے آواز بلند کرنے اورغزہ پر اسرائیلی جارحیت کی مذمت کیلئے ریلیاں نکالنے پر پاکستانی قوم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کرنے پر حکومت پاکستان کا بھی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام اور حکومت نے غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف جس طرح اپنی آواز اٹھائی اور دنیا کو اس مسئلے پر بیدار کرنے کی کوشش کی فلسطینی قوم اس کو کبھی نہیں بھولے گی۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری اور حکومت سمیت پاکستانی عوام نے جس طرح اس موقع پر فلسطین کی بھرپور حمایت کی اس کو نہ صرف فلسطینی عوام بلکہ پوری دنیا یاد رکھے گی۔