پی آئی اے کا بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو وطن لانے کیلئے آپریشن کا اعلان
پی آئی اے عید الاضحی سے قبل 32 خصوصی پروازوں کے ذریعے وطن واپس پہنچائے گی

کراچی (ویب  نیوز) قومی ایئرلائن(پی آئی اے)نے بیرونِ ملک پھنسے ہوئے پاکستانیوں کو وطن پہنچانے کیلئے بڑے آپریشن کا اعلان کردیا۔تفصیلات کے مطابق   پی آئی اے عید الاضحی سے قبل ہم وطنوں کو 32 خصوصی پروازوں کے ذریعے وطن واپس پہنچائے گی۔ پی آئی اے انتظامیہ نے کہا کہ کابل میں پھنسے ہوئے ہم وطنوں کو وطن پہنچانے کیلئے بوئنگ 777 طیارے استعمال کئے جائیں گے، کابل کیلئے 12 اور 16 جولائی کو خصوصی پروازیں آپریٹ کررہے ہیں، جبکہ خلیجی ممالک سے پاکستان آنے کیلئے 5 خصوصی پروازوں کا اضافہ کردیا گیا ۔انتظامیہ کے مطابق دبئی اور ابوظہبی سے پاکستانیوں کو بوئنگ 777 طیاروں کے ذریعے وطن پہنچایا جائے گا، سعودی عرب کیلئے بھی 10 پروازوں کا اضافہ کردیا گیا اور وہاں پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے لئے بوئنگ 777 طیارے استعمال کئے جائیں گے،  تاشقند کیلئے 8 خصوصی پروازیں آپریٹ کی جائیں گی، اور تاشقند کیلئے ایئر بس 320 طیارے آپریٹ ہوں گے جبکہ پی آئی اے بشکیک میں پھنسے ہوئے طالبعلموں کو وطن لانے کیلئے خصوصی پرواز آپریٹ کرے گی۔