کنبرا (ویب ڈیسک)

آسٹریلوی وزیر دفاع پیٹر ڈوٹن نے تصدیق کر دی ہے کہ آسٹریلوی فوج کا افغانستان میں 20 سالہ فوجی مشن ختم ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ہفتوں کے دوران افغانستان میں متعین تمام تر آسٹریلوی افواج کا انخلا مکمل ہو گیا تھا۔ کینبرا حکومت نے اپریل میں امریکی منصوبے کے مطابق اعلان کیا تھا کہ رواں برس ستمبر تک افغان فوجی مشن ختم کر دیا جائے گا۔ ڈوٹن کے مطابق البتہ آسٹریلیا امریکا کے ساتھ مل کر افغانستان میں قیام امن کی خاطر کوششیں کرتا رہے گا۔ وزیر دفاع پیٹر ڈٹن نے سکائی نیوز کو بتایا کہ آسٹریلیا کے آخری 80 معاون اہلکار بھی حالیہ ہفتوں میں افغانستان سے نکال لیے گئے ہیں۔آسٹریلیا نے افغانستان میں طالبان اور دیگر دہشت گرد گروہوں کے خلاف امریکی اور نیٹو تنظیم کی زیرقیادت کارروائیوں میں حصہ لینے کے لیے گذشتہ 20 سالوں میں اپنے 39 ہزار فوجی تعینات کیے تھے۔اس مشن پر ملک کے اربوں ڈالر خرچ ہوئے اور 41 آسٹریلوی فوجی ہلاک ہوگئے۔افغانستان سے امریکی اور غیر ملکی افواج کے جاری انخلا کے دوران طالبان کی بڑھتے ہوئے حملوں اور ملک کے بیشتر حصوں پر قابض ہونے کے بعد بھارت، چین نے اپنے شہریوں کو جنگ زدہ ملک سے نکالنا شروع کر دیا ہے۔